Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کدی اور جمرات سینٹر سے عمرہ زائرین کو فی الوقت ٹرانسپورٹ سروس مہیا نہیں‘

وزارت حج کا کہنا ہے کہ توکلنا ایپ اپ ڈیٹ کردیا گیا ہے( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ فی الوقت کدی اور جمرات سینٹر سے عمرہ زائرین کو مسجد الحرام پہنچانے کے لیے ٹرانسپورٹ سروس مہیا نہیں ہے۔  
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے زائرین سے کہا ہے کہ وہ پہلے اجیاد یا غزۃ یا الشبیکہ استقبالیہ سینٹر جائیں، وہاں سے عمرے کے لیے براہ راست مسجد الحرام جا سکتے ہیں۔
وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ توکلنا ایپ اپ ڈیٹ کردیا گیا ہے۔ اب اس سے عمرہ اور نمازوں کے اجازت نامے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ 
وزارت نے توکلنا ایپ کو اپ ڈیٹ کرنے کے حوالے سے کہا کہ ایپ میں ان لوگوں کے لیے جو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں ان کے لیے لفظ (محصن) ہے۔
کورونا وائرس سے صحت یاب افراد کے  لیے (محصن متعافی) کا لفظ لکھا ہوتا ہے۔ ویکسین کی ایک خوراک لینے پر 14 دن گزر جاتے ہیں تو اس کے لیے (محصن 14 روز) لکھا آتا ہے۔
وزارت نے بیان میں کہا کہ اجازت ناموں کے اجرا کے بعد اوقات میں ردوبدل نہیں کیا جا سکتا البتہ اجازت نامے کا وقت شروع ہونے سے چار گھنٹے قبل تک اجازت نامہ منسوح کیا جا سکتا ہے۔ 
ایسا کرنے پر دوبارہ اجازت نامے کا استحقاق بن جاتا ہے۔
وزارت نے کہا کہ اعتمرنا اور توکلنا ایپ کے ذریعے نمازوں کے اجازت نامے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ نماز کے لیے پورے دن کا اجازت نامہ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ایک دن سے زیادہ کا نماز اجازت نامہ جاری نہیں ہوسکتا، البتہ ایک دن نمازیں ادا کرنے کے بعد اگلے روز کے لیے ازسرنو اجازت نامے کی درخواست دی جا سکتی ہے۔ 
وزارت نے بیان میں مزید کہا کہ عمرے کا اجازت نامہ صرف عمرے کے لیے ہوتا ہے۔ اس میں نماز شامل نہیں ہوتی۔ 

شیئر: