کیا ویکسین لگانے والوں کو عمرہ اجازت نامے سے استثنیٰ ہے؟
’سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبر میں کوئی صداقت نہیں‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
کیا کورونا ویکسین لگانے والوں کو مسجد الحرام جانے، نماز پڑھنے اور عمرہ ادا کرنے کے لیے اجازت نامے سے استثنیٰ دیا گیا ہے؟
سبق ویب سائٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ کے ذرائع نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبر کی تردید کی ہے۔
انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ’اس بات میں کوئی صداقت نہیں کہ کورونا ویکسین کی دو خوراکیں لگانے والوں کو اجازت نامے سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔‘
’ٹوئٹر، واٹس ایپ اور سوشل میڈیا کے دیگر ذرائع پر پھیلائی جانے والی یہ خبر بے بنیاد ہے‘۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’حرم مکی شریف میں زائرین کو منظم کرنے کے لیے توکلنا اور اعتمرنا ایپ سے اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے۔‘
’اس کے بغیر کسی کو بھی حرم میں داخلے کے لیے یا نماز کے لیے یا عمرہ کی ادائیگی کی اجازت نہیں۔‘
’انتظامیہ میں ایسے کسی بھی منصوبے پر غور نہیں کیا گیا نہ ہی کسی دیگر متعلقہ ادارے کی طرف سے ایسی کوئی بات آئی ہے۔‘
واضح رہے کہ گذشتہ دن ٹوئٹر اور واٹس ایپ پر یہ افواہ گردش کر رہی تھی کہ حرمین انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ جن لوگوں نے ویکسین کی دو خوراکیں لگوا لی ہیں انہیں اجازت نامے سے استثنیٰ ہے۔‘