نئے غلاف کعبہ کی پٹی کا تیس فیصد حصہ تیار
بیلٹ کا ایک سنہرا ٹکڑا 90 سے 120 روز میں تیار ہوتا ہے(فوٹو سیدتی)
کنگ عبدالعزیز کسوہ کمپلیکس نے کہا ہے کہ نئے غلاف کعبہ بیلٹ کے سنہرے ٹکڑوں کا تیس فیصد کام مکمل ہوگیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق کسوہ کمپلیکس نے بیان میں بتایا کہ 56 سنہرے ٹکڑے تیار ہوں گے۔ ان کا تعلق باب کعبہ کے پردے، غلاف کعبہ کی بیلٹ اس کے زیریں حصے اور قندیلوں سے ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ غلاف کعبہ کی بیلٹ کا ایک سنہرا ٹکڑا 90 سے 120 روز میں تیار ہوتا ہے۔ غلاف کعبہ کی تیاری سال بھر جاری رہتی ہے۔
سعودی عرب مکہ مکرمہ کے ام الجود محلے میں غلاف کعبہ کی فیکٹری قائم کئے ہوئے ہے۔ اس میں 200 سے زیادہ ہنر مند 360 دن تک غلاف کعبہ تیار کرتے رہتے ہیں۔
غلاف کعبہ سال میں ایک مرتبہ تبدیل کیا جاتا ہے۔ غلاف کعبہ کی تیاری کے لیے خام ریشم درآمد کیا جاتا ہے پھر اسے دھوکر سیاہ رنگ میں رنگا جاتا ہے۔
غلاف کعبہ کی تیاری میں 670 کلو گرام خالص ریشم استعمال ہوتا ہے۔اس میں 120 کلو گرام سونے اور سو کلوگرام چاندی کے تار استعمال ہوتے ہیں۔