الشرقیہ میں آئسولیشن کی خلاف ورزی پر 187 افراد گرفتار
قرنطینہ کی پابندی کی خلاف ورزی پر دو لاکھ ریال تک کا جرمانہ ہے( فوٹو سبق)
سعودی عرب میں الشرقیہ پولیس نے کہا ہے کہ ’ہاؤس آئسولیشن اور ہوٹل قرنطینہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے 187 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پولیس ترجمان محمد الشہری نے بتایا کہ ’زیر حراست افراد کو کورونا وائرس میں مبتلا پائے جانے پر ہاؤس آئسولیشن اور بیرون مملکت سے سعودی عرب پہنچنے پر ہوٹل قرنطینہ کا پابند بنایا گیا تھا‘۔
الشہری نے بتایا کہ ’زیرحراست افراد کو مقررہ سزائیں دلانے کے لیے متعلقہ ادارے نے قانونی کارروائی مکمل کرلی‘۔
محمد الشہری کا کہنا ہے کہ ’کورونا وائرس میں مبتلا پائے جانے یا ہوٹل قرنطینہ کی پابندی توڑنے پر دو لاکھ ریال تک کا جرمانہ مقرر ہے جبکہ دو برس تک قید کی سزا بھی دی جاسکتی ہے‘۔
’خلاف ورزی دہرانے پر سزا دگنی دی جائےگی۔ علاوہ ازیں خلاف ورزی کرنے والا مقیم غیرملکی ہوگا تو اسے سزا کاٹنے پر مملکت سے بے دخل کرکے بلیک لسٹ کردیا جاتا ہے‘۔