ریاض میں غیر ملکی خاتون سیاح سے چھیڑخانی، چھ شہری گرفتار
ملزمان کو دس برس تک قید کی سزا ہوسکتی ہے( فائل فوٹو عاجل)
سعودی پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ریاض پولیس نے شہر کے ایک محلے میں غیرملکی خاتون سیاح کی کار کو روکنے،جملے بازی اور چھیڑ خانی کرنے والے چھ سعودی شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ایک سعودی شہری جو بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑی چلا رہا تھا غیرملکی سیاح خاتون کی گاڑی کو ٹکر مار کر فرار ہوگیا تھا۔
پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے بتایا کہ’ مقامی شہریوں کو ان کے قانونی حقوق سے آگاہ کرکے ان سے سخت بازپرس کی گئی، انہو ں نے اقبال جرم کرلیا۔ مقدمے کی سماعت تک حراست میں رہیں گے‘۔
پبلک پراسیکیوشن نے بتایا کہ’ مقامی شہریوں نے جو کچھ کیا وہ سنگین جرم ہے۔ انہیں چھیڑ خانی، بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی استعمال کرنے، ٹکر مار کر فرار ہوجانے اور سماجی آداب پامال کرنے پر دس برس تک قید کی سزا ہوسکتی ہے‘۔