کاوسٹ تحقیقی مصنوعی سیارہ ’کیوب سیٹ‘ خلا میں بھیجے گا
یہ دنیا کے کسی بھی علاقے کی فوٹو گرافی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے- (فوٹو کاؤسٹ ٹوئٹر)
سعودی عرب میں کنگ عبداللہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی (کاوسٹ) اور سپائر کمپنی 2022 کے آخر میں KAUST CubeSat تحقیقی مصنوعی سیارہ خلا میں بھیجیں گی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق کاوسٹ میں موسمیات پروگرام کے انچارج میتھیو میکاوی نے بتایا کہ ’کاوسٹ کیوب سیٹ سمندروں، ساحلی مقامات اور زمینی ماحول کے حوالے سے تفصیلات جمع کرے گا‘۔
میتھیو میکاوی نے بتایا کہ’ کاوسٹ کیوب سیٹ مملکت کی بڑی پیشرفت ہے۔ سمندروں اور خشکی کے علاقوں میں ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے حوالے سے یہ مملکت کی بڑی کامیابی ہوگی۔ اس مصنوعی سیارے سے ملنے والی معلومات اہم ہوں گی۔ اس کی بدولت علاقے میں ماحولیاتی تبدیلیوں کی تفصیلات بروقت ملیں گی جس سے مملکت گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی پروگراموں کو احسن شکل میں چلا سکے گا۔
کاوسٹ کیوب سیٹ مملکت میں اپنی نوعیت کا پہلا مصنوعی سیارہ ہوگا۔ یہ ٹیکنالوجی کے حوالے سے انتہائی ترقیی یافتہ ہے۔ یہ ایک طرف تو سپائر کمپنی کے تجربات اور دوسری جانب کاوسٹ کے ریسرچ سکالرز کے تحقیقی کام کا حسین سنگم ہے۔
کاوسٹ کیوب سیٹ دنیا کے کسی بھی علاقے کی فوٹو گرافی سائنٹیفک انداز میں کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں