Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریڈ سی ڈویلپمنٹ کمپنی اور کاوسٹ کے درمیان تحقیقی معاہدہ

اس معاہدے سے بحراحمر میں ماحولیاتی نظام کے تحفظ میں مدد ملے گی۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب کی ریڈ سی ڈویلپمنٹ کمپنی نے گذشتہ روز پیر کو کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کاوسٹ) کے ساتھ ایک تحقیقی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کی خبر میں بیان کیا گیا ہے کہ یہاں ایک احساس بڑھ رہا ہے کہ سیاحت زیادہ مستحکم اور قابل تجدید ہونی چاہیے۔

سمندری تحقیق اور مرجان کی چٹانوں کے تحفظ کے لیے مرکز قائم کیا جائے گا۔ (فوٹو کاوسٹ)

سعودی عرب کے ساتھ جڑے ہوئے بحر احمر کا ساحل دنیا کے خالص ترین ماحولیاتی نظام میں شامل ہے لہذا کاوسٹ کے ساتھ  ریڈ سی ڈویلپمنٹ کے اس معاہدے سے بحر احمر میں ماحولیاتی نظام کے تحفظ میں مدد ملے گی۔
ریڈ سی ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جان پگانو نے اس موقع پر بتایا ہے کہ آنے والے وقت کے لیےاس منفرد ماحول کے خزانے کو محفوظ  بنایا جائے گا۔
دونوں اداروں کے مابین اس معاہدے کے ذریعے سمندری ماحول کے استحکام، سمندری خوراک کی حفاظت اور توانائی کے تحفظ جیسے شعبوں میں تعاون کیا جائے گا۔

منصوبے کے مطابق ماحولیاتی تبدیلیوں کی مستقل سائنسی نگرانی کی جائے گی۔ (فوٹو کاوسٹ)

چیف آفیسر جان پگانو نے واضح کیا کہ نئے تحقیقی معاہدے کے فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے پہلا کام وقت کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تبدیلیوں کی مستقل سائنسی نگرانی ہے۔
اس منصوبے میں ریڈ سی ڈویلپمنٹ کمپنی 2040 تک مزید 30 فیصد اضافہ کرنے کا عزم رکھتی ہے۔
اس موقع پر ریڈ سی ڈویلپمنٹ کمپنی میں ماحولیاتی استحکام کے سربراہ ڈاکٹررسٹی برینرڈ نے وضاحت کی کہ قدرتی ماحول کو قائم رکھتے ہوئے حیاتیاتی تحفظ کو مزید بہتر بنانا ایک مشکل کام ہے لیکن ریڈ سی کمپنی کے لیے یہ انتہائی اہم ذمہ داری ہے۔
ڈاکٹررسٹی نے مزید بتایا کہ ریڈ سی ڈویلپمنٹ کمپنی کے محکمہ ماحولیات و استحکام میں موجودہ گیارہ ملازمین کو پہلے سے ہی کاوسٹ سے ساتھ پیشہ ورانہ کام کرنے کا تجربہ ہے، ان میں سات ملازمین وہ شامل ہیں جو ڈاکٹریٹ کی ڈگری رکھتے ہیں اس کے علاوہ  دو ایسے افراد بھی موجود ہیں جنہوں نے کاوسٹ یونیورسٹی میں ایسوسی ایٹ ڈگری مکمل کی ہے۔

بحر احمر کا ساحل دنیا کے خالص ترین ماحولیاتی نظام میں شامل ہے۔ (فوٹو کاوسٹ)

ریڈ سی ڈویلپمنٹ کمپنی اور کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ سائنس کے مابین ایک مشترکہ ورکنگ گروپ فی الحال بحر احمر کے ساحل پر سمندری تحقیق اور مرجان کی چٹانوں کے تحفظ کے لئے ایک مشترکہ مرکز قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
اس منصوبے کے تحت سمندری تحقیق کا مستقل ادارہ قائم کیا جائےگا جو مستقبل میں آنے والے زائرین کے لئے اس علاقے میں قدرتی ماحول اورحیاتیات کے بارے میں جاننے کے لئے رہنمائی کرے گا۔

 

شیئر: