انڈیا: علی گڑھ شہر کا نام تبدیل کرکے ہری گڑھ رکھنے کی تیاری
علی گڑھ کا نام تبدیل کرکے ہری گڑھ کرنے کی تجویز کی ضلع پنچایت نے منظوری دے دی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی ریاست اترپردیش کے شہر علی گڑھ کا نام تبدیل کرکے ہری گڑھ کرنے کی تجویز کی ضلع پنچایت نے منظوری دے دی ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق لوکل باڈی کے سربراہ نے بتایا کہ ’یہ تجویز پیر کو منظور کی گئی اور منگل کو حکومت کو بھیجی گئی ہے۔‘
اگر یوپی حکومت نے علی گڑھ کا نام تبدیل کرنے کے اس اقدام کی منظوری دے دی تو یہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے زیرِاقتدار اس ریاست میں نام بدلے جانے والی جگہوں کی طویل فہرست میں نیا اضافہ ہوگا۔
خیال رہے کہ جنوری 2019 میں کمبھ میلے سے چند ماہ قبل الٰہ آباد کا نام بدل کر پریاگ راج رکھا گیا تھا۔
علی گڑھ ضلع پنچایت کے سربراہ وجے سنگھ نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ ’کل (پیر کو) ہم نے ضلع پنچایت بورڈ کی میٹنگ میں کچھ تجاویز منظور کیں۔ پہلی تجویز علی گڑھ کا نام تبدیل کر کے ہری گڑھ رکھنے کی تھی، اسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ ہم نے اسے وزیراعلیٰ کو یہ تجویزبھیج دی ہے۔ مجھے امید ہے کہ منظوری دی جائے گی۔‘
پنچایت کے اراکین نے بتایا کہ علی گڑھ کا نام تبدیل کر کے ہری گڑھ رکھنے کی تجویز پنچایت کے رہنماؤں کوہری سنگھ یادیو اور امیش یادو کی جانب سے پیش کی گئی۔
لوکل باڈیز کے اراکین کے مطابق پنچایت کی جانب سے ایک اور تجویز بھی منظور کی گئی کہ علی گڑھ میں دانی پور ہوائی پٹی کا نام کلیان سنگھ ہوائی پٹی رکھ دیا جائے۔
خیال رہے کہ نومبر 2019 میں اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حکومت کی جانب سے ممکنہ طور پر ریاست بھر میں جگہوں کے نام تبدیل کرنے کا اشارہ دیا تھا۔
اس وقت یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ ’ہم نے وہی کیا جو ہمیں اچھا لگا۔ ہم نے مغل سرائے کا نام پنڈت دین دیال اپادھیائے نگر ، الٰہ آباد کا پریاگ راج اور فیض آباد کا نام ایودھیا رکھا۔ جہاں ضرورت ہوئی وہاں حکومت ضروری اقدامات کرے گی۔‘