سابق برطانوی فوجی 200 جانوروں سمیت کابل دھماکوں سے کیسے بچا؟
پین فارتھنگ ایئرپورٹ سے نکلے ہی تھے کہ دھماکے ہو گئے (فوٹو: اے ایف پی)
سابق برطانوی فوجی معجزاتی طور پر کابل ایئرپورٹ پر ہونے والے دھماکوں سے بال بال بچا، اگر ان کو گیٹ پر نہ روک لیا جاتا تو وہ دھماکوں کا نشانہ بن سکتے تھے۔
برطانوی اخبار دی ایکسپریس کے مطابق 52 سالہ پین فارتھنگ نے کابل میں جانوروں کے لیے پناہ گاہ بنا رکھی تھی۔
طالبان کی جانب سے کابل پر قبضے کے بعد وہ اپنے تمام جانوروں اور عملے کے ہمراہ ایئرپورٹ پہچنے تو انہیں گیٹ پر بتایا گیا کہ دو گھنٹے قبل ہی امریکی صدر جو بائیڈن نے سفری دستاویزات کے معیار میں کوئی تبدیلی کی ہے اور ان کی دستاویز اس کے مطابق نہیں، اس لیے ان کو درست کروا کے پھر آئیں۔
پین فارتھنگ جانوروں اور ساتھیوں سمیت واپس مڑے ہی تھے کہ دھماکے ہو گئے۔
برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پین کے پاس دو سو جانور ہیں جبکہ کچھ افراد پر مشتمل عملہ اور ان کے خاندان بھی ان کے ساتھ تھے۔ پین نے ان سب کو کابل سے نکالنے کے لیے ایک چارٹرڈ طیارہ منگوایا تھا۔
پین فارتھنگ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ’میں، میری ساری ٹیم جانوروں سمیت سب ایئرپورٹ کی حدود کے اندر پہنچ چکے تھے، تب ہم کو یہ کہتے ہوئے لوٹا دیا گیا کہ دو گھنٹے قبل ہی امریکی صدر کی انتظامیہ نے سفری دستاویزات کے ضوابط میں تبدیلیاں کی ہیں، اور پھر دھماکوں کی تباہی دیکھنے کو ملی۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کو نکالنے کے لیے برطانوی حکومت نے کوئی بندوبست کیوں نہیں کیا؟ تو ان کا کہنا تھا کہ اندرونی طور پر کابل ایئرپورٹ امریکہ کے زیرانتظام ہے اور برطانوی دستاویز ان کے طریقہ کار کے مطابق نہیں تھیں۔
خیال رہے کابل ایئرپورٹ پر 26 اگست کو ہونے والے دھماکوں میں 13 امریکی فوجیوں سمیت 85 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
نوزاد نامی چیریٹی ادارے کے بانی فارتھنگ نے قبل ازیں ایک نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’یہ بہت خوفناک منظر تھا، میں کچھ نہیں کر سکتا تھا۔‘
’مجھے وہاں کے لوگوں نے کہا کہ وہاں سے نکل جاؤں، کیونکہ یہ ایسا موقع نہیں تھا جہاں کسی غیرملکی کو خوش آمدید کہا جائے۔‘
ان کے مطابق ’سٹاف نے مجھے کہا کہ جتنے زیادہ جانور لے جا سکتے ہیں، لے جائیں، میرا مقصد ان کو افغانستان سے نکالنا تھا، جو جو بائیڈن کی وجہ سے پورا نہ ہو سکا۔‘
فارتھنگ نے جو کرائے کا جہاز کابل سے نکلنے کے لیے منگوایا تھا اس کو امن و امان کی خراب صورت حال کے باعث کینسل کر دیا گیا تھا، جبکہ ایک اور جہاز کو بھی روک دیا گیا کہ جب تک ایئرپورٹ کے اندر سے اجازت نہ ملے وہ لینڈ نہیں کر سکے گا۔