پنجاب کو بڑا بھائی نہیں سمجھتا، تمام صوبے برابر ہیں: شہباز شریف
شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے وفد کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری بھی دی (فوٹو: سوشل میڈٰا، کراچی)
مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’وہ پنجاب کو بڑا بھائی نہیں سمجھتے، تمام صوبے برابر ہیں اور جب تک وہ ترقی نہیں کریں گے پاکستان ترقی نہیں کرے گا۔‘
پیر کو کراچی میں مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ’قائد اعظم نے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا خواب دیکھا تھا، ہم شرمندہ ہیں کہ ان کے فرمودات کو فراموش کیا۔‘
انہوں نے سقوط ڈھاکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان دولخت ہو گیا اور ہم نے اس سے کچھ سبق نہیں سیکھا۔‘
شہباز شریف سے جب پوچھا گیا کہ اپنے دور حکومت میں کراچی کو نظرانداز کرنے اور چھوٹے صوبوں کے بجائے ترکی اور چین کے دورے کی وجہ کیا تھی؟
تو اس پر شہباز شریف نے یاد دلایا کہ ’انہوں نے دور اپنے حکومت میں ایک سے زائد بار مزار قائد پر حاضری دی، اور بیرون ملک دوروں پر چھوٹے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو بھی ساتھ لے کرگئے۔
انہوں نے خصوصی طور پر مسلم لیگ ن کی گذشتہ حکومت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہم وزیراعلیٰ سندھ کو بھی ساتھ لے کر چین گئے تھے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ان کے دور میں گرین لائن منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے لیے تحفہ تھا، اور کراچی میں پانی کی کمی کو دور کرنے کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر بہت کام کیا گیا۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ہمارے دور میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ جادو ٹونے سے ختم نہیں ہوئی، اس کے لیے نواز شریف نے جدوجہد کی۔‘
موجودہ حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ ’یہ چور دروازے آئی ہے اور اس کو اسٹیبلشمنٹ کی جتنی سپورٹ ملی 74 برس میں کسی کو اس کا 20 فیصد بھی نہیں ملا، مگر یہ نالائق حکومت اس کے باوجود کچھ نہیں کرسکی۔‘