پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پیر کو کیٹگری سی میں شامل ممالک کے شہریوں پر پاکستان میں داخلے پر پابندی میں 30 ستمبر تک کی توسیع کر دی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کے مطابق ’یہ توسیع نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی سفارشات پر کی گئی ہیں جو دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورت حال کے جائزے کے بعد اس سے نمٹنے کی حکمت عملی ترتیب دیتا ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
مکمل ویکسینیشن نہ ہونے پر کوئی پاکستان نہیں آ سکے گا، اسد عمرNode ID: 594006
اتھارٹی کے ایک ترجمان کے مطابق ’پابندی میں توسیع کے علاوہ اس معاملے میں اور کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور کیٹگری سی میں شامل ممالک کے پاکستان میں داخلے کی صورت حال وہی ہے جو اس توسیع سے پہلے تھی۔‘
تاہم ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ہنگامی حالات میں ان ممالک کی شہری حکومت پاکستان سے خصوصی اجازت حاصل کرکے پاکستان آ سکتے ہیں۔‘
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے پہلے سے جاری کردہ ایک نوٹی فیکیشن کے مطابق ’کیٹگری سی میں شامل 38 ممالک کے مسافروں کی پاکستان آمد این سی او سی کی اجازت سے مشروط ہے۔‘
ان ممالک کی فہرست میں انڈیا، جنوبی افریقہ، ایران، عراق، بنگلہ دیش، برزایل، زمبابوے سمیت براعظم ایشیا، یورپ اور لاطینی امریکہ کے ممالک بھی شامل ہیں۔
دیگر ممالک سے پاکستان آنے والے تمام مسافروں کا 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ’پاکستان کے تمام بین الاقوامی ایئرپورٹس پر تمام مسافروں کا ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ ہوگا جس کی رپورٹ 20 منٹ کے اندر اندر حاصل کی جا سکے گی۔‘