سعودی تھیٹر اینڈ پرفارمنگ آرٹس اتھارٹی کا دوسرا تربیتی پروگرام
سعودی تھیٹر اینڈ پرفارمنگ آرٹس اتھارٹی کا دوسرا تربیتی پروگرام
منگل 31 اگست 2021 14:40
اساتذہ سکولوں میں پروڈکشنز کے لیے 10 ہفتوں کی تربیت دیں گے۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں تھیٹر کی تحریک اساتذہ اور طلباء کو مہیا کیے جانے والے اولوالعزم تربیتی پروگراموں کے ذریعے اس امید سے آگے بڑھ رہی ہے کہ وہ جلد ہی ملک کے اس زرخیز ورثے سے پردہ اٹھائیں گے۔
عرب نیوز کے مطابق کنگ عبدالعزیز سنٹر فار ورلڈ کلچر( اثرا) نے' تھیٹر ان سکولز' نامی پروگرام شروع کیا ہے جس میں ایسٹرن ریجن کے 40 اساتذہ کو منتخب کیا گیا ہے۔
متعلقہ محکمۂ تعلیم کے تعاون سے چلائے گئے اس آزمائشی پروگرام کا مقصد تھیٹر پر دکھائے جانے والے فنون میں دلچسپی کو قابل رسائی، جدید اور پرلطف کورسز کے ذریعے فروغ دینا تھا۔
اس کے علاوہ مستقبل میں 800 مڈل سکولوں کے اساتذہ کی مدد سے پبلک ایجوکیشن سسٹم میں ڈرامہ اور تھیٹر کو شامل کرنا تھا۔
چار ہفتوں پر مشتمل اس پروگرام میں ملک بھر کے ثانوی سکول اساتذہ کے لئے آن لائن تربیتی کورس پیش کیا گیا جس میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈرامیٹک آرٹ اور شارجہ پرفارمنگ آرٹس اکیڈمی کے تعاون سے اثرا میں ورچوئل اور عملی تربیت شامل تھی۔
اس پروگرام میں شرکت کرنے والے اساتذہ بدھ سے اپنے طلباء کو سکول کی پروڈکشنز بنانے کے لیے 10 ہفتوں کی تربیت دینا شروع کریں گے۔
پروگرام میں حصہ لینے والوں کو نومبر میں قومی سطح کے مقابلے کے لیے تیار کیا جائے گا تاکہ طلباء کے تیار کردہ تمام تھیٹر پروگراموں کا جائزہ لیا جا سکے۔
بہترین چھ ڈرامے جن میں تین گرلز سکولوں کے اور تین بوائز سکولوں کے ہیں، جنوری میں اثرا میں ان ڈراموں کی ہدایت اور نمائش کی جائے گی۔
پروگرام میں گروپ ڈسکشنز اور خصوصی ورکشاپس شامل تھیں جس کے ذریعےتھیٹر میں دلچسپی رکھنے والوں کو اپنے خیالات ، خواہشت ، تجربات اور دلچسپیوں کو شیئر کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔
ان ورکشاپس میں اداکاری کا تعارف ، آڈیو پرفارمنس اور پروڈکشن ، حرکات اور کارکردگی کا تعارف ،کہانی سنانے کا تعارف نیز فنکارانہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور پرفارمنگ آرٹس سے لطف اندوز ہونے کے لیے تخلیقی اور جدید جگہ فراہم کرنے کے لیے دیگر پروگرام شامل ہیں۔
اداکار محمد الزہرانی نے بتایا کہ کنگڈم تھیٹر موومنٹ ایسی پیش رفتوں کا مشاہدہ کر رہی ہے جو مستقبل قریب میں ثمر آور ثابت ہو گی۔
انہوں نے عرب نیوز کو بتایا کہ ہمارے پاس مختلف شعبوں میں بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے اور تھیٹر بھی اس سے مستثنیٰ نہیں۔
ان باصلاحیت نوجوان مردوں اور عورتوں کو صرف کسی کی رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ ان کے لیے دروازے کھول دے اور وہ تھیٹر کے لیے کام کر سکیں۔
سعودی تھیٹر اینڈ پرفارمنگ آرٹس اتھارٹی نے اداکاری اور ہدایت کاری کا دوسرا جدید تربیتی پروگرام بھی شروع کیا ہے۔ جس کا مقصد مقامی ٹیلنٹ کو دریافت کرنا اور ان کی پیشہ ورانہ مہارتیں ابھارنا ہے۔
حکام نےبتایا ہے کہ پروگرام کی سرگرمیاں ریاض میں کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری میں10 دن تک جاری رہیں گی جس میں 150 سے زائد درخواست گزاروں میں سے 50 تریبت پانے والے افراد شرکت کریں گے۔
درخواست دہندگان کو کارکردگی، اداکاری کے سابقہ تجربے اور انگریزی بولنے سمجھنے پر عبور کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔
اس پروگرام میں دو ورکشاپس منعقد کی جائیں گی اور تھیٹر اور ڈائریکٹنگ کے شعبوں میں باصلاحیت افراد کی کارکردگی کو پروان چڑھانے کے لیے پیشہ ورانہ تربیت شامل ہو گی۔
اس پروگرام کے لیے امریکہ اور سپین کی تربیتی ٹیم سے خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
پروگرام کا مقصد تربیت پانے والوں کو عالمی تھیٹر کے تجربے سے مالا مال کرنا اور تھیٹر پر کام کرنے والے باصلاحیت افراد کے لیے ان کے اپنے ملک میں روزگار کے مواقع بڑھانا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں