Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے پرامید، ن لیگ کی پھر تنقید

مریم اورنگزیب نے تنقید کی کہ کیا ووٹنگ مشین ریٹرننگ افسران کے اغوا کی سوچ روک سکتی ہے؟‘(فوٹو: پی آئی ڈی)
پاکستان میں رواں سال اپریل میں ضمنی انتخابات میں سامنے آنے والی مبینہ بے ضابطگیوں کے بعد حکومت نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرائی تھی اور اب وزیراعظم عمران خان نے ان ووٹنگ مشینوں کا معائنہ کرتے ہوئے انتخابات میں دھاندلی نہ ہونے کی امید ظاہر کی ہے۔
اتوار کو وزیراعظم عمران خان نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا معائنہ کرتے نظر آ رہے ہیں۔
اس تصویر کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’ہماری وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے پاکستان میں تیارکردہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا معائنہ کرتے ہوئے۔ بالآخر یہ دکھائی دینے لگا ہے کہ پاکستان میں ہمیں ایسے انتخابات میسر آئیں گے جن میں حصہ لینے والے تمام امیدوار نتائج تسلیم کریں گے۔ شبلی فراز اور ان کی ٹیم کو مبارک۔
یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کراتے ہوئے اپوزیشن اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو دعوت دی گئی تھی کہ وہ اصلاحات کے حوالے سے حکومت کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت شروع کریں تاہم اپوزیشن جماعتوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا بھر میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین ناکام ہو چکی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی اس ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ’کمرے میں ہونے والی ٹیسٹنگ مسترد کرتے ہیں، اس میں پارلیمان اور اپوزیشن کی رائے شامل نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ریٹرنگ افسران، انتخابی عملے کو اغوا اور ووٹ کے تھیلے چرانے والے اب مشینوں کے معائنے کا ڈرامہ کر رہے ہیں۔ کیا الیکڑانک ووٹنگ مشین ریٹرننگ افسران کے اغوا کی سوچ روک سکتی ہیں؟‘
مریم اورنگزیب نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران صاحب! مشینوں کے معائنے چھوڑیں، ووٹ چوری اور فراڈ کیسے ختم ہوگا، اس کی بات کریں۔ انتخابی نتائج کے تاخیر سے اعلان کی کیا وجوہات ہیں، وہ قوم کو بتائیں، ڈرامے نہ کریں۔‘
 

شیئر: