دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا( فوٹو ایس پی اے)
نائجیریا کے صدر محمد بخاری سے منگل کو ایوان صدارت میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزیر خارجہ نے نائجیریا کے صدر کو شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔
نائجیریا کے صدر نے انہیں سعودی قیادت، حکومت و عوام کے لیے خیر سگالی کا جوابی پیغام حوالے کیا ہے۔
انہوں نے دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات پر 61 برس مکمل ہونے پرخوشی کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے 1960 میں نائجیریا کے آزاد ہوتے ہی اسے تسلیم کرلیا تھا۔
سعودی وزیر خارجہ اور نائجیریا کے صدر نے تمام شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے، یکجہتی بڑھانے اور دونوں ملکوں کے عوام کی ترقی و خوشحالی میں معاون ہر سطح پر مشترکہ جدوجہد کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے کرہ ارض کے تحفظ میں سعودی عرب کی علاقائی و بین الاقوامی کوششوں خصوصا ولی عہد کے گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی اقدامات کا جائزہ لیا۔
اس اعتماد کا اظہار کیا گیا کہ یہ دونوں اقدام کرہ ارض کے تحفظ میں اہم کردارادا کریں گے۔ ان کی بدولت ماحولیات سے متعلق عالمی برادری کے اہداف احسن شکل میں پورے ہوں گے۔
سعودی وزیر خارجہ نے نائجیریا کے ہم منصب سے بھی ملاقات کی ہے(فوٹو ایس پی اے)
علاوۃ ازیں سعودی وزیر خارجہ نے نائجیریا کے ہم منصب سے بھی ملاقات کی ہے۔
تمام شعبوں میں دونوں برادر ملکوں کے مشترکہ تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پر مذاکرات کیے۔ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی اہم مسائل کا جائزہ لیا جبکہ براعظم افریقہ میں اختلافات اور تنازعات کے حل میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے طریقے زیر بحث آئے۔
عالمی امن و سلامتی کے استحکام میں معاون تدابیر، سعودی ولی عہد کے اقدامات خصوصا گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے سکیموں پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔