ماریطانیہ کے چیف آف سٹاف کی اسلامی فوجی اتحاد کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات
ماریطانیہ کے چیف آف سٹاف کی اسلامی فوجی اتحاد کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات
منگل 7 ستمبر 2021 20:51
مشترکہ تعاون کے طریقوں پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا(فوٹو ایس پی اے)
اسلامی فوجی اتحاد کے سیکریٹری جنرل میجر جنرل محمد المغیدی سے ریاض میں ماریطانیہ کی افواج کے چیف آف سٹاف جنرل محمد بمب مکت نے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس موقع پر ماریطانیہ کے فوجی وفد کو انسداد دہشتگردی کے سلسلے میں اسلامی فوجی اتحاد کی کاوشوں سے متعارف کرایا گیا۔
انہیں بتایا گیا کہ فکری دہشت گردی، ابلاغی دہشت گردی، دہشت گردی کی فنڈنگ اور مسلح دہشت گردی کی بیخ کنی فوجی اتحاد کا چار نکاتی پروگرام ہے۔
رکن ممالک ان چاروں محاذوں پر یکجہتی پیدا کرکے کام کررہے ہیں۔ ماریطانیہ کے وفد کے ساتھ فریقین کے درمیان مشترکہ تعاون کے طریقوں پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
میجر جنرل المغیدی نے کہا کہ اسلامی فوجی اتحاد جامع نظام کے تحت رکن ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دے رہا ہے۔ قانونی اقدار، خودمختاری، یکجہتی اور شراکت پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ اس بات کے لیے کوشاں ہے کہ اتحادی ممالک بین الاقوامی قوانین و روایات کی پابندی کرتے ہوئے دہشت گردی کا قلع قمع کریں۔
ماریطانیہ کے آرمی چیف نے اتحاد میں شامل ممالک کے مفادات کی تکمیل کے حوالے سے اتحاد کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ اسلامی فوجی اتحاد تشدد، انتہا پسندانہ افکار اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کافی کچھ کرچکا ہے۔