Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں اسلحہ کی پہلی بین الاقوامی نمائش 2022 میں ہوگی

دنیا بھر کی معروف کمپنیاں شرکت کریں گی- (فوٹو الریاض)
سعودی دارالحکومت ریاض میں 2022 میں 6 سے 9 مارچ کے دوران تاریخ میں پہلی بار اسلحہ کی بین الاقوامی نمائش منعقد کرنے کی تیاریاں ملکی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تیز ہوگئیں ہیں- نمائش گاہ کا 85 فیصد حصہ بک ہو چکا ہے- 
ایس پی اے کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نمائش کی سرپرستی کررہے ہیں جبکہ عسکری صنعتوں کا قومی ادارہ اس کا منتظم ہے- 
اسلحہ کی پہلی بین الاقوامی نمائش میں متعدد بین الاقوامی بڑی کمپنیاں شرکت کررہی ہیں- ان میں ایمبرائر، جنرل ڈائنامک، لاک ہیڈ مارٹن، نورنکو اور رولز رائس کے نام قابل ذکر ہیں- یہ کمپنیاں ڈیفینس اینڈ سکیورٹی آلات اور اسلحہ بنانے میں پوری دنیا میں اپنا نام رکھتی ہیں- 
مملکت کے متعدد سرکاری اداروں مثلا وزارت دفاع، وزارت نیشنل گارڈ، وزارت داخلہ، ریاستی سلامتی کی پریذیڈنسی، عسکری صنعتوں کے قومی ادارے، سعودی عسکری صنعتوں کی کمپنی سامی، سعودی کمپنی التدریع، ہوائی جہازوں کے انجن بنانے والی الشرق الاوسط کمپنی اور وھج کمپنی وغیرہ نے نمائش میں شرکت کا عندیہ دے دیا- 
عسکری مصنوعات کے قومی ادارے کے گورنر احمد العوھلی نے کہا ہے کہ نمائش بین الاقوامی اسلحہ سازوں کو اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ کا سنہری موقع فراہم کرے گا- یہ نمائش ایسے مقام پر ہورہی ہے جہاں اربوں ڈالر مالیت کی اسلحہ ساز کمپنیوں کی سعودائزیشن کا مشن چل رہا ہے- سعودی عرب کے دروازے ایسی تمام کمپنیوں کے لیے کھلے ہوئے ہیں جو یہاں اسلحہ کی فیکٹریاں سعودی عرب کے تعاون و اشتراک سے کھولنے کا ارادہ رکھتی ہوں- 
یاد رہے کہ اسلحہ کی بین الاقوامی نمائش دو سال میں ایک مرتبہ منعقد ہوتی ہے-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: