Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں بین الاقوامی دفاعی نمائش ہوگی

نمائش 6 مارچ 2022 کو دارالحکومت ریاض میں منعقد کی جائے گی۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹری نے کہا ہے کہ 6 مارچ 2022 کو دارالحکومت ریاض میں پہلی بار بین الاقوامی دفاعی نمائش منعقد کی جائے گی۔
اس میں فضائی، بری، بحری  ڈیفنس سسٹم، مصنوعی سیارے اور انفارمیشن سیکیورٹی آلات رکھے جائیں گے۔
عاجل اور الشرق الاوسط کے مطابق یہ نمائش اپنی نوعیت کی پہلی منفرد اور مکمل ہوگی۔ اس میں سعودی اور بین الاقوامی اسلحہ ساز وں کے علاوہ  فوجی اور سیکیورٹی آلات تیار کرنے والے ادارے شامل ہوں گے۔  یہ جلد ہی دنیا بھر میں ہونے والی بین الاقوامی دفاعی نمائشوں میں اپنا مقام بنالے گی۔

دفاعی نمائش ہردو برس بعد ریاض میں ہو گی۔( فوٹو سوشل میڈیا)

جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹری کے گورنر انجینیئراحمد العوھلی نے وڈیو پریس کانفرنس میں بتایا کہ  دفاعی نمائش ہردو برس بعد ریاض میں ہو گی۔ پریس کانفرنس میں سعودی ، علاقائی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے نمائندے، عسکری صنعتوں سے تعلق رکھنے والی سعودی اور بین الاقوامی بڑی کمپنیوں کے  عہدیدار موجود تھے۔
العوھلی نے بتایا کہ ٹیکنالوجی ترقی کے زمانے میں دفاع کا بین الاقوامی شعبہ پیچیدہ سے پیچیدہ تر ہوتا چلا جارہا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس شعبے سے تعلق رکھنے والے تمام ادارے ایک پلیٹ فارم پر ایک چھت کے نیچے جمع ہوں اور دنیا بھر کو درپیش دفاعی چیلنجوں پر مباحثہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نمائش کے موقع پر متعدد سیمینار اور کانفرنسیں بھی ہوں گی۔ 30 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر داخلی نمائش ہال ہوں گے۔ 15 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر طیارے کھڑے کیے جائیں گے۔ دولاکھ مربع میٹر کا رقبہ بری آلات کے لیے مختص ہوگا۔

شیئر: