Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مغربی ممالک کے درجنوں شہری کمرشل پرواز کے ذریعے کابل سے روانہ

قطری نمائندہ خصوصی کے مطابق دوسری کمرشل پرواز جمعے کو روانہ ہوگی۔ فائل فوٹو: اے پی
افغانستان میں طالبان کی نئی عبوری حکومت نے امریکیوں سمیت 100 سے 150 غیر ملکیوں کو کابل سے کمرشل پرواز کے ذریعے باہر جانے کی اجازت دی جس کے بعد یہ پرواز روانہ ہو گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کمرشل پرواز نے کابل ایئرپورٹ سے اُڑان بھر لی ہے۔ امریکی فورسز کے افغانستان چھوڑنے کے بعد کابل ایئرپورٹ سے یہ پہلی کمرشل پرواز ہوگی۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق قطر کے نمائندہ خصوصی مطلق بن ماجد القحطانی کا کہنا تھا کہ غیر ملکیوں کی بڑی تعداد جمعرات کو قطر ایئرویز کی پرواز سے افغانستان سے روانہ ہوگی۔
قبل ازیں مذکورہ جہاز سے امدادی سامان افغانستان بھجوایا گیا تھا۔
قطری نمائندہ خصوصی کا کہنا تھا کہ یہ پہلی کمرشل بین الاقوامی پرواز ہوگی جو اگست کے آخر میں امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا کے بعد کابل ایئرپورٹ سے اُڑان بھرے گی۔
واضح رہے کہ امریکی فورسز کا افغانستان سے انخلا مکمل ہونے کے بعد سینکڑوں غیرملکیوں اور افغانیوں نے جلدبازی میں ملک چھوڑنے کی کوشش کی تھی۔
جمعرات کو کابل ایئرپورٹ کے ٹرمیک سے بات کرتے ہوئے مطلق بن ماجد کا کہنا تھا کہ ’آپ اسے جو چاہیں کہیں چارٹر یا کمرشل پرواز، سب کے پاس ٹکٹ اور بورڈنگ پاس ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ دوسری کمرشل پرواز جمعے کو روانہ ہوگی۔ ’امید کرتے ہیں کہ افغانستان میں زندگی معمول پر آرہی ہے۔‘
امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا کے بعد امریکیوں کی بڑی تعداد کی ملک سے روانگی اس بات کی نشاندہی کرے گی کہ امریکی عہدیداران کی طالبان کی نئی حکومت کے ساتھ معاملات طے ہوگئے ہیں۔
حالیہ دنوں میں کچھ چارٹر جہازوں کی انتظامیہ اور طالبان کے درمیان تنازع پیدا ہوا تھا۔ ان جہازوں کے ذریعے مزار شریف کے ایئرپورٹ سے امریکیوں اور خطرے سے دو چار افغانوں کو افغانستان سے نکالا جا رہا تھا۔
طالبان کا کہنا ہے کہ وہ سفری دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو ملک سے جانے کی اجازت دیں گے، لیکن مزار شریف کے ایئرپورٹ پر موجود مسافروں کے پاس  دستاویزات موجود نہیں۔

شیئر: