ریاض.... سعودی رکن شوریٰ ڈاکٹر صدقہ فاضل نے مطالبہ کیا ہے کہ غیر ملکیوں کے لئے سعودی شہریت اور اقامے کی درخواستیں نمٹانے کیلئے اعلیٰ سطحی قومی کمیٹی قائم کی جائے۔سربراہ سیکریٹری داخلہ کو مقرر کیا جائے۔ کمیٹی کے ارکان مملکت میں غیر قانونی طریقے سے بس جانے والوں کے اعدادوشمار جمع کریں اور غیر ملکیوں کی سعودی شہریت کی درخواستیں نمٹائیں۔ ڈاکٹر صدقہ فاضل نے یہ بھی کہا کہ کمیٹی کے ممبران خارجہ، محنت اور سماجی فروغ، حج و عمرہ اور اسلامی امور کی وزارتوں نیز محکمہ خفیہ کے نمائندوں پر مشتمل ہو۔ کمیٹی ماہانہ اجلاس منعقد کرے اور ایسے غیر ملکیوں کی سعودی شہریت کی درخواست نمٹائے جو مقررہ شرائط پرپورے اتر رہے ہوں۔ علاوہ ازیں ایسے غیر ملکیوں کو جن کی ملک کو ضرورت ہو اقامے جاری کئے جائیں اور انکی خدمات سے استفادہ کیا جائے۔ صدقہ فاضل نے یہ بھی کہا کہ مملکت میں اقامہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کی تعداد 50لاکھ کے لگ بھگ ہے ان سب کی فوری بیدخلی اشد ضروری ہے۔