خلیجی ممالک کے پاکستان کے ساتھ تعلقات گہرے ہیں : الحجرف
اتوار 12 ستمبر 2021 14:33
ڈاکٹر الحجرف نے پاکستانی سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر سے اپنے دفتر میں ملاقات کی ہے‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)
جی سی سی کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر نایف الحجرف نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک کے پاکستان کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق انہوں نے مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔
ڈاکٹر الحجرف نے یہ بات سعودی عرب میں متعین پاکستانی سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی ہے۔
ریاض میں جی سی سی کے صدر دفتر میں ہونے والی ملاقات کے دوران ڈاکٹر الحجرف اور پاکستانی سفیر نے خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کے مستحکم اور تاریخی تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی ہے۔
پاکستان اور خلیجی ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مشترکہ مفادات کے حصول کے علاوہ خطے کو درپیش تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا ہے۔