سعودی سیکریٹری خارجہ سے سفیر پاکستان بلال اکبر کی ملاقات
دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور کا جائزہ لیا ہے( فوٹو عاجل)
سفیر پاکستان لیفٹننٹ جنرل ( ریٹائرڈ) بلال اکبر نے سعودی سیکریٹری خارجہ ڈاکٹر عبدالرحمن الرسی سے پیر کو دفتر خارجہ ریاض میں ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور کا جائزہ لیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے ڈرون اور بیلسٹک میزائل حملوں کی کوششوں کی سخت مذمت کی تھی۔
پاکستان نے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملے کی آخری کوشش پر بھی برہمی کا اظہار کیا تھا۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے ماہ رواں کے شروع میں بیان جاری کرکے کہا تھا کہ پاکستان حوثیوں کے حملوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی تصور کرتا ہے۔
پاکستان کا خیال ہے کہ اس قسم کے حملے سعودی عرب ہی نہیں پورے خطے کی سلامتی اور امن کے لیے خطرہ ہیں۔
سفیر پاکستان ان دنوں سعودی عرب کے اہم عہدیداروں سے ملاقاتیں کررہے ہیں ۔اس ضمن میں انہوں نے گزشتہ دنوں سعودی آرمی چیف جنرل فیاض الرویلی سے بھی ملاقات کی تھی۔
اس موقع پر انہوں نے باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ سعودی افواج کے اعلی افسران ملاقات میں شریک رہے۔
پاکستان کی جانب سے سینیئر فوجی افسر اور مملکت میں پاکستان کے آرمی اتاشی بھی ملاقات کے وقت موجود تھے۔