Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بحرینی ہم منصب کا رابطہ

شاہ محمود قریشی نے افغان عوام کے ساتھ عالمی یک جہتی کی ضرورت پر زور دیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبدالطیف بن راشد الزیانی نے ٹیلی فون کیا۔ دونوں نے افغانستان میں ہونے والی حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ اہمیت کے متعدد امور پر بات چیت کی۔
دفتر خارجہ سے جمعرات کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی نے زوردیا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کے لیے ناگزیر اہمیت کا حامل ہے۔
اس تناظر میں انہوں نے مالی اور سیاسی دونوں طرح سے افغان عوام کے ساتھ عالمی یک جہتی کی ضرورت پر زور دیا۔
افغانستان میں حالیہ پیش رفت سے ابھرتی ہوئی غیرمعمولی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے افغان عوام کی انسانی ضروریات کو پورا کرنے اور ترقیاتی امداد کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔
شاہ محمود قریشی نے بحرین کے وزیر خارجہ کو پاکستان کی جانب سے متعدد طریقوں سے افغانستان کے عوام کو انسانی بنیادوں پر جاری امداد کے بارے میں آگاہ کیا جس میں امدادی سامان کی ترسیل کے لیے انسان دوست راہداری کا قیام بھی شامل ہے۔
دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں دونوں وزرا خارجہ نے پاکستان اور بحرین کے تعلقات کے مختلف پہلووں پر گفتگو کی اور تمام شعبہ جات میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

شیئر: