کورونا ویکسین : دوسری خوراک کی بکنگ منسوخ کرانا ممکن ؟
کورونا ویکسین : دوسری خوراک کی بکنگ منسوخ کرانا ممکن ؟
جمعہ 17 ستمبر 2021 10:58
نئی تحتقیق کے مطابق کورونا سے صحتیاب افراد بھی دوسری خوراک لیں گے(فوٹو، ٹوئٹر)
توکلنا ایپ پرکورونا ویکسین کی دوسری خوراک کےلیے بکنگ منسوخ نہیں کرائی جاسکتی البتہ تبدیل کرانا ممکن ہے ـ کورونا کےلیے ویکسین کی دوسری خوراک سب کے لیے لازمی قرار دے دی گئی ـ
ویب نیوز اخبار 24 کے مطابق ادارہ امور صحت کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا کہ ویکسین کی دوسری خوراک کے لیے کی گئی بکنگ منسوخ کرائی جاسکتی ہے جس پر توکلنا ایپ کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ویکسین کی پہلی خوراک کےلیے کی گئی بکنگ منسوخ کرانا ممکن ہے تاہم اس کے لیے مناسب وجہ بتانا ضروری ہےـ
انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ دوسری خوراک کے لیے کی گئی بکنگ منسوخ نہیں کرائی جاسکتی البتہ وقت تبدیل کیا جاسکتا ہے تاہم اس کےلیے بھی سبب ظاہر کیاجائے گا ـ
واضح رہے سعودی عرب کے تمام ریجنز میں کورونا ویکسینیشن سینٹرز کام کررہے ہیں جہاں شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو مفت ویکسین لگائی جارہی ہے ـ
مملکت میں بڑی تعداد نے ویکسین کی پہلی خوراک دے دی گئی ہے دوسری خوراک دینے کا سلسلہ جاری ہے ـ قبل ازیں وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کے لیے ویکسین کی ایک ہی خوراک کافی ہوگی تاہم اب وزارت صحت کی جانب سے نئی تحقیق کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ وہ افراد جو کورونا سے صحتیاب ہو چکے ہیں انہیں بھی دوسری خوراک لینا لازمی ہے جس سے لوگ وائرس کی نئی تبدیل ہونے والی شکل سے بھی محفوظ رہ سکیں گے ـ
نئی تحقیق کے سامنے آنے کے بعد تمام افراد کو جن میں 12 سے 18 برس کے نوعمر بھی شامل ہیں کے لیے ویکسینیشن کی دونوں خوراکیں لازمی قرار دی گئی ہیں ـ
توکلنا ایپ پر ویکسینیشن کا سٹیٹس ظاہرہوتا ہے ـ وہ افراد جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی مارکیٹوں و عوامی مقامات کے علاوہ سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں ان کا داخلہ منع ہے ـ ویکسینیشن کے بغیر حرمین شریفین میں بھی داخل نہیں ہوا جاسکتاـ