میرا نیا پروگرام ’ہم سب امید سے ہیں‘ کا اپ گریڈ ورژن ہوگا: وینا ملک
میرا نیا پروگرام ’ہم سب امید سے ہیں‘ کا اپ گریڈ ورژن ہوگا: وینا ملک
ہفتہ 18 ستمبر 2021 8:54
عنبرین تبسم، لاہور
پاکستان کی معروف اداکارہ و میزبان وینا ملک ایک بار پھر طنز و مزاح پر مبنی پروگرام میں نظر آئیں گی جو پاکستان کے سٹریمنگ پلیٹ فارم ’اردو فلیکس‘ پر دیکھا جا سکے گا۔
کہا جا رہا ہے کہ وینا ملک اس شو کے ذریعے 12 سال بعد ٹی وی سکرین پر ’کم بیک‘ کر رہی ہیں۔ اس شو میں کیا نیا دیکھنے کو ملے گا اور اتنے عرصے بعد کسی شو کا حصہ بننے پر وہ کیسا محسوس کر رہی ہیں یہ جاننے کے لیے اردو نیوز نے وینا ملک سے بات چیت کی ہے۔
وینا ملک نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ یہ خبر کیوں چل رہی ہے کہ میں دس بارہ سال بعد واپس آئی ہوں، میں نے کبھی (شوبز) نہیں چھوڑا، میرا ایسا کوئی بیان آپ نے نہیں سنا ہوگا۔ اور میں نے کچھ شوز کیے ہیں لیکن تسلسل کے ساتھ نہیں کیے, یونس بٹ صاحب کے ساتھ یہ شو 12 سال بعد کر رہی ہوں۔‘
مزاح نگار ڈاکٹر یونس بٹ کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ کیسا تھا اور اب ایک بار پھر ان کے ساتھ کام کر رہی ہیں تو یہ پروگرام کتنا مختلف ہوگا، اس سوال کے جواب میں وینا ملک نے بتایا کہ ’میں سمجھتی ہوں کہ ’ہم سب امید سے ہیں‘ کے ذریعے یونس بٹ صاحب نے میری جو شخصیت متعارف کرائی وہ میرے لیے بھی نئی تھی۔ پیروڈی ایسی چیز تھی جس کے لیے انہوں نے ہی مجھے رضامند کیا تھا مجھے بالکل امید نہیں تھی کہ میں یہ کر پاؤں گی۔‘
وینا کہتی ہیں ’کچھ پراجیکٹس آپ کے اوپر دیرپا اثرات چھوڑتے ہیں مجھے آج بھی مداح کہتے ہیں کہ آپ ہم سب امید سے ہیں دوبارہ شروع کریں۔ جو لوگ یہ توقع کر رہے تھے کہ انہیں اس کا اپ گریڈ ورژن دیکھنے کو ملے گا ان کی تمنا پوری ہو جائے گی۔‘
وینا کو کس سیاستدان کی پیروڈی کرنا سب سے اچھا لگا اس سوال پر انہوں نے بتایا کہ ’سابق صدر پرویز مشرف سے لے کر چوہدری برادران تک کوئی ایسا سیاستدان نہیں جنہوں نے یہ نہ کہا ہو کہ آپ کے یا پروگرام کے بہت بڑے مداح ہیں۔ اس پروگرام میں سنجیدہ بات بھی طنز ومزاح میں کی جاتی تھی جو لوگوں کے لیے نئی چیز تھی۔‘
جب وینا سے یہ پوچھا گیا کہ کیا کبھی کسی شخصیت نے اپنی پیروڈی کرنے پر ان سے غصے کا اظہار کیا، تو انہوں نے بتایا کہ ’ہائی پروفائل شخصیات کے پیغامات آتے تھے کہ آپ ہمیں کاپی کب کریں گی، ہمارا نمبر کب آئے گا۔ مذاق اڑانے اور مذاق کرنے میں فرق ہوتا ہے اور اس پروگرام میں اس بات کا خیال رکھا جاتا تھا۔‘
وینا ملک کا ٹوئٹر اکاؤنٹ کون چلاتا ہے؟
وینا ملک ٹوئٹر پر کافی متحرک رہتی ہیں اور وزیراعظم عمران خان کے حق میں اور اپوزیشن جماعتوں کی مخالفت میں ان کی ٹویٹس کافی وائرل بھی ہوتی ہیں۔ ان سوال کے جواب میں کہ کیا اس نئے شو میں حکومت پر بھی طنز کریں گی، وینا نے بتایا کہ ’میں ایک پاکستانی ہوں کسی بھی عام پاکستانی کی طرح میرے لیے بھی تمام سیاستدان ایک جیسے ہیں لیکن ان میں جو سب سے بہترین، ایماندار اور مخلص عمران خان ہیں اور اس بات پر سب متفق ہیں کہ وہ کرپٹ نہیں ہیں، میں انہیں ایک موٹیویشنل سپیکر بھی سمجھتی ہوں۔‘
وینا کے بقول ’جہاں تک تنقید کی بات ہے تو ان کی کابینہ میں بھی اچھے لوگ ہیں کچھ کی پالیسیز سے لوگ نالاں بھی ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ ہم کسی کا مذاق اڑائیں گے یہ طنز و مزاح پر ہی مبنی ہوگا۔‘
’ایک دن میں نے بھی نانی بننا ہے‘
وینا ملک ٹوئٹر پر مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کو ’نانی‘ کہہ کر مخاطب کرتی ہیں جس پر کچھ لوگوں نے اعتراض بھی کیا تھا کہ تنقید کے لیے کسی رشتے کا طعنہ دینا نامناسب ہے، اس حوالے سے وینا نے کہا کہ ’نانی ہونا بہت اچھی بات ہے اسی لیے تو میں نے انہیں (مریم نواز کو) کہا۔ یہ تو آپ کو ان سے پوچھنا چاہیے جو ناراض ہیں اس بات سے، اور وہ تو (نانی) ہیں بھی۔ دوسری بات یہ کہ نانی ہونا فخر کی بات ہے اور ایک دن میں نے بھی بننا ہے۔‘
وینا ملک کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے بارے میں بعض حلقوں کا خیال ہے کہ اسے کوئی اور چلاتا ہےاور انہیں ٹویٹس بھیجے جاتے ہیں جسے وہ کاپی کرتی ہیں، اس بارے میں وینا نے کہا کہ ’لوگ مجھ سے یہ سوال پوچھتے ہیں، مجھے بتائیں کون (اکاؤنٹ)چلاتا ہے۔‘
انہوں نے ہنستے ہوئے بتایا کہ ’ایک دفعہ میرا کاؤنٹ ہیک ہوا تھا اور جب واپس ملا تو اس کی لوکیشن ایون فیلڈ کی آئی تھی۔ کون رہتا ہے ایون فیلڈ میں؟‘
وینا کہتی ہیں کہ ’میری اپنی ایک سمت ہے اور میں کسی کے ایجنڈے کا حصہ نہیں بنتی۔ میں روبوٹ نہیں ہوں اگر کوئی مجھے کہے کہ ہم آپ کے نظریات خریدنا چاہتے ہیں تو میں کبھی بھی یہ نہیں کروں گی۔ سوچنے کی صلاحیت ایک بڑی نعمت ہوتی ہے۔‘
وینا ملک کے ناقدین ان پر تنقید کے لیے اکثر ان کی ماضی کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہیں، اپنے اوپر اس انداز سے ہونے والی تنقید کے بارے میں وینا سمجھتی ہیں کہ ’جب لوگ آپ کو خاموش کرانا چاہتے تو وہ آپ کا کردار درمیان میں لے آتے ہیں۔ جہاں تک کردار کی بات ہے تو میں ایک اداکارہ تھی اور جو چیزیں میرے کام کا حصہ تھیں اسے لے کر آ جاتے ہیں۔ ان بیچاروں کے پاس یہی کچھ ہے اور یہ سب جانتے ہیں کہ کرائے کے لوگ رکھے ہوتے ہیں جب بھی آپ حق اور سچ کی بات کرتے ہیں تو وہ کرائے کے لوگ باتیں کرنے آ جاتے ہیں۔‘
وینا ملک نے بالی وڈ کی کچھ فلمیں بھی کیں اور وہ انڈیا کے رئیلٹی شو ’بگ باس‘ کا بھی حصہ بنی تھیں جہاں ان کی ساتھی فنکار اشمیت پٹیل کے ساتھ بے تکلفانہ دوستی پر خاصی تنقید بھی کی گئی تھی۔ اس حوالے سے وینا ملک نے بتایا کہ ’اگر دنیا یہ سمجھتی ہے کہ رئیلٹی شوز حقیقت پر مبنی ہوتے ہیں تو ایسا نہیں ہے، یہ سب سکرپٹڈ ہوتے ہیں۔
وینا ملک نے 2013 میں اسد خٹک سے شادی کی تھی، جس کےبعد وہ کچھ عرصہ شوبز سے دور بھی رہی تھیں، تاہم 2017 میں ان کی طلاق ہوگئی تھی۔ کیا اب ان کا دوبارہ شادی کا ارادہ ہے، اس سوال کے جواب میں وینا ملک نے بتایا کہ وہ شادی پر یقین رکھتی ہیں۔ ’اگر سمجھ آیا‘ تو دوسری بار شادی کریں گی لیکن انہوں نے اپنا معیار کافی اونچا رکھا ہوا ہے۔
وینا اور ان کے سابق شوہر کے درمیان بچوں کی حوالگی سے متعلق عدالتی جنگ جاری ہے، ان کا کہنا تھا کہ ’میرے بچے ہیں میں ان کے ساتھ کہیں کا بھی سفر کر سکتی ہوں، ایک ماں اپنے بچوں کے لیے بہتر فیصلہ کر سکتی ہے باقی عدالت میں کیس چل رہا ہے میں مزید کچھ کہنا نہیں چاہتی۔‘