تجارتی پردہ پوشی کیس، سعودی اور غیرملکیوں کو قید وجرمانے کی سزا
16 سال قید اور ایک لاکھ 68 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ (فوٹو الشرق الاوسط)
سعودی پراسیکیوشن جنرل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی جرائم کی سماعت کے ادارے نے ایک سعودی اور دو غیر ملکیوں کے خلاف تجارتی پردہ پوشی کے کا فیصلہ صادر کیا ہے۔
ویب نیوز ’سبق ‘ نے پراسیکیوشن جنرل کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اقتصادی جرائم کے ادارے نے تجارتی پردہ پوشی کے الزام میں ایک سعودی اور افریقی ملک سے تعلق رکھنے والے دو غیر ملکیوں کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔
سماعت کے بعد جرم ثابت ہونے پر ملزمان کے خلاف 16 سال قید اور ایک لاکھ 68 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ملزمان نے 74 ملین ریال کے قریب جو خطیررقم بیرون ملک ارسال کی تھی وہ لوٹائی جائے۔
تجارتی پردہ پوشی میں ملوث سعودی کی کمرشل رجسٹریشن کینسل کرکے اس پر ملزمان کی قید کی مدت کے مساوی بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ دونوں غیر ملکیوں کو قید مکمل کرنے کے بعد مملکت سے نکال دیاجائے گا۔
ملزمان پرالزام تھا کہ انہوں نے ایک سعودی کے نام سے تجارتی پردہ پوشی کی اور حاصل ہونے والے منافع کو بیرون ملک ارسال کیا تھا۔