ایمی ایوارڈز میں نیٹ فلکس سیریز چھائی رہیں، 'دی کراؤن' کے کردار بہترین قرار
ایمی ایوارڈز میں نیٹ فلکس سیریز چھائی رہیں، 'دی کراؤن' کے کردار بہترین قرار
پیر 20 ستمبر 2021 9:15
ایپل ٹی وی کی 'ٹیڈ لاسو' نے بہترین کامیڈی سیریز کا ایوارڈ جیتا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایمی ایوارڈز کی اتوار کو ہونے والی رنگا رنگ تقریب 'دی کراؤن' کے نام رہی جس نے نیٹ فلکس کو بالآخر ٹیلی ویژن کا سب سے بڑا ایوارڈ دلوا دیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نیٹ فلکس جس نے سنہ 2012 میں اپنے پہلے شو کے بعد سے ٹی وی کا لینڈ سکیپ بدل کے رکھ دیا ہے، کی سیریز 'دی کوئینز گیمبٹ' نے بھی بہترین لمیٹڈ سیریز کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
ایپل ٹی وی کی 'ٹیڈ لاسو' نے بہترین کامیڈی سیریز کا ایوارڈ جیتا۔
گزشتہ دو برس میں پہلی بار لاس اینجلس میں ہونے والے ایونٹ کے لیے ٹیلی ویژن کے بڑے ستارے کم تعداد میں جمع ہوئے-
تقریب کوویڈ 19 کے جاری خدشات کی وجہ سے جزوی طور پر بیرونی مقام پر منعقد ہوئی۔
'دی کراؤن' کے تخلیق کار پیٹر مورگن نے لندن کے ایک دور دراز سیٹلائٹ مرکز سے ساتھی کاسٹ اور فلم سازوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا 'ہم اب ایک پارٹی کرنے والے ہیں۔ میں الفاظ ڈھونڈ رہا ہوں، اور میں بہت شکر گزار ہوں۔'
برطانوی شاہی خاندان پر بنی سیریز کے چوتھے سیزن میں شہزادہ چارلس اور شہزادی ڈیانا کی بدقسمت شادی کو دکھایا گیا ہے۔
اولیویا کولمین، جنہوں نے اس سے قبل 'دی فیورٹ' میں برطانیہ کی ملکہ این کا کردار ادا کرنے پر آسکر جیتا تھا، ملکہ الزبتھ دوم کے کردار کے لیے بہترین اداکارہ قرار پائیں۔
اولیویا کولمین نے اپنے والد کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو کورونا وبا کے دوران انتقال کر گئے تھے۔
ان کو ملنے والے ایوارڈ کے بارے میں لوگوں کی بڑی تعداد کا خیال تھا کہ یہ ان کی ساتھی اداکارہ ایما کورین کو ملے گا، جنہوں نے نوجوان ڈیانا کا کردار ادا کیا ہے۔
شہزادہ چارلس کا کردار ادا کرنے پر جوش او کونر نے بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کیا۔
'دی کراؤن' نے معاون اداکار کے دونوں ایوارڈز بھی اپنے نام کیے بشمول گیلین اینڈرسن کے ان کی مارگریٹ تھیچر کی تصویر کشی کے لیے۔
ان کے علاوہ بہترین تحریر اور ہدایت کاری کے ایوارڈز بھی جیتے۔