Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اتنی نیوزی لینڈ میں فورسز نہیں جتنی پاکستان نے اُن کی ٹیم کو سکیورٹی دی‘

پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اتنی نیوزی لینڈ میں فورسز نہیں ہوں گی جتنی پاکستان نے اُن کی ٹیم کو سکیورٹی دی۔ پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں وزیر داخلہ نے بتایا کہ کابینہ نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو فوج کی سکیورٹی فراہم کرنے کی منظوری دی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مایوسی کفر ہے، ایک دن آئے گا کہ تمام ٹیمیں آئیں گی۔ پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے۔‘
نیوزی لینڈ کے دورہ منسوخی کے پیچھے ’فائیو آئیز‘ کی پاکستان کے حوالے سے سکیورٹی رپورٹ پر شیخ رشید نے کہا کہ ’یہ اس وقت کہاں تک جب دنیا کے سکیورٹی ایکسپرٹس پاکستان کا دورہ کر رہے تھے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم نے چار دن یہاں پریکٹس کی۔‘
وزیر داخلہ نے کہا کہ پڑوسی ملک انڈیا میں کورونا سے تباہی بربادی ہوئی ہے، وہاں کوئی کرکٹ نہیں ہو رہی۔
’کوئی مسئلہ نہیں ہے، آج نہیں تو کل ہمارے ملک میں کرکٹ ہوگی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جن کا یہ کھیل ہے ان کے سیاسی عزائم ہیں مگر ہماری قوم کھیل کی شوقین ہے۔ گھبرانے کی کوئی بات نہیں، ایسے ہوتا ہے ایسے کاموں میں۔‘
وزیر داخلہ کے مطابق ’ثابت ہو گیا جو ای میل آئی ہے وہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے واپس جانے کے بعد آئی ہے۔‘
شیخ رشید نے کہا کہ دنیا میں مخلتف ممالک کے دارالحکومتوں میں فائرنگ کے واقعات ہوتے ہیں مگر کچھ نہیں ہوتا جبکہ ہمارے یہاں معمولی پھلجڑی بھی چلتی ہے تو منفی تاثر پھیلایا جاتا ہے۔ ’آج بھی روس میں ایک طالب علم نے فائرنگ کر کے آٹھ دس بندے مار دیے۔‘
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’ہم سے جو سلوک کیا جا رہا ہے ہم اس کے مستحق نہیں ہیں۔ ہم نے 86 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے اس لیے ہماری قربانیوں کا احترام کیا جائے۔‘
شیخ رشید نے کہا کہ ’انڈیا کو افغانستان میں ناکامی ہوئی ہے، سرحد کا دورہ جنگ نہیں امن کے لیے کر رہا ہوں۔‘

شیئر: