Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کی جعلی ویکسینیشن: ’اصل ملزمان ابھی گرفتار نہیں ہوئے‘

پاکستان میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے شناختی کارڈ پر جعلی ویکسینیشن کے اندراج کے معاملے پر محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ ’اصل ملزمان ابھی تک گرفتار نہیں ہو سکے ہیں۔‘ 
پنجاب کے ترجمان محکمہ صحت برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر یاداللہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ہسپتال کوٹ خواجہ سعید کے دو اہلکار ابوالحسن اور محمد عادل ابھی تک گرفتار نہیں ہوسکے۔ جس ویکسینیٹر نوید الطاف کا اکاؤنٹ استعمال کیا گیا اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ویکسینیٹر نے ابتدائی طور پر یہی بتایا ہے کہ ہسپتال کے عملے کے دو افراد ایک شخص کو ساتھ لے کر آئے تھے جس کے پاس شناختی کارڈ نہیں تھا بس اس کا نمبر تھا۔‘ویکسینیٹر نے وہ نمبر سسٹم میں داخل کر کے اسے ویکسین لگا دی۔ ابو الحسن اور محمد عادل میں سے ایک ہسپتال کا چوکیدار ایک وارڈ بوائے ہے۔‘
ڈاکٹر یاداللہ کا کہنا ہے کہ ’یہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت صورت حال پیدا کی گئی ہے۔ چونکہ ابھی تک کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس معاملے میں ہسپتال کے عملے کے دو افراد شامل ہیں اس لیے ایم ایس کوٹ خواجہ سعید ہسپتال ڈاکٹر احمد ندیم اور اے ایم ایس ڈاکٹر منیر کو معطل کردیا گیا ہے۔ اس وقت پولیس اور ایف آئی اے الگ الگ تفتیش کر رہی ہے۔‘
ترجمان محکمہ صحت پنجاب نے بتایا کہ ’ایف آئی اے کو محکمہ صحت نے درخواست دی ہے جبکہ پولیس میں درخواست معطل کیے جانے ایم ایس صاحب نے جمع کرائی تھی۔ ایف آئی اے کو کیس اس لیے دیا گیا ہے تاکہ معاملے کی تہہ تک پہنچا جا سکے۔‘  

ترجمان محکمہ صحت نے مزید بتایا کہ ’پہلے ہسپتال کے عملے کے دونوں افراد کا گرفتار ہونا ضروری ہے کیونکہ اس کے بعد ہی وہ شخص پکڑا جا سکتا ہے جس نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا شناختی کارڈ استعمال کیا۔ پولیس اور ایف آئی اے کل سے چھاپے مار رہی ہے لیکن یہ لوگ روپوش ہیں۔ امید ہے جلد ہی گرفتار ہو جائیں گے۔‘
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ جمعرات کی صبح سوشل میڈیا پر کچھ سکرین شاٹ گردش کرنا شروع ہوئے جن میں دیکھا جا سکتا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا شناختی کارڈ نمبر ویکسین کی ہیلپ لائن 1166 پر درج کرنے سے ویکسین لگائے جانے کا تصدیقی ایس ایم ایس موصول ہوا تھا۔
ملک کے تین بار وزیراعظم رہنے والے نواز شریف اپنی بیماری کے باعث عدالتی اجازت سے برطانیہ میں مقیم ہیں جبکہ حکومت اب انہیں واپس لانے کی خواہاں ہے۔ 

شیئر: