’پی آئی اے کو اجازت نہ ملی تو کویتی پروازیں بھی پاکستان نہیں آسکیں گی‘
پاکستانی کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کویت سے پی آئی اے کی پروازیں بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کہا ہے کہ ’اگر پاکستان ایئر لائنز (پی آئی اے) کو کویت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اجازت نہ دی تو کویت ایئرویز کے جہاز بھی پاکستان نہیں آسکیں گے۔‘
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بدھ کو ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ ’ہم کویتی پروازوں پر مکمل پابندی کا حق محفوظ رکھتے ہیں، یکم اکتوبر سے کویتی پروازوں کی آمد محدود کی جا سکتی ہے۔‘
پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کویتی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اس بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔
پاکستانی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ’کورونا کی مشکل صورت حال کے باوجود کویتی پروازیں پاکستان آرہی ہیں۔‘
سی اے اے نے کہا کہ ’بارہا پی آئی اے کو کویت میں فلائٹ آپریشن کی اجازت دینے کی درخواست کی گئی ہے لیکن ہماری درخواست کو نظرانداز کیا گیا اور خط کا جواب بھی نہیں دیا گیا۔‘