سرباز خان آٹھ ہزار میٹر سے بلند نو چوٹیاں سر کرنے والے پہلے پاکستانی
جمعہ 1 اکتوبر 2021 9:28
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
سرباز خان دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کا عزم رکھتے ہیں (فوٹو: سرباز خان انسٹاگرام)
ہنزہ سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے 32 سالہ کوہ پیما سرباز خان نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، انہوں نے نیپال کی آٹھ ہزار 167 میٹر بلند داؤ لاگیری پیک سر کر لی ہے۔
الپائن کلب کے سیکرٹری کرار حیدری کے مطابق ’سرباز خان نے داؤ لاگیری پیک کامیابی سے سر کر لی ہے اور وہ آٹھ ہزار میٹر سے بلند نو چوٹیاں سر کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔‘
سرباز خان اس سے قبل آٹھ ہزار میٹر سے بلند آٹھ چوٹیاں سر کر چکے ہیں۔ انہوں نے داؤ لاگیری پیک سر کرنے کا سفر اتوار کو شروع کیا تھا۔
دنیا میں آٹھ ہزار میٹر سے بلند 14 چوٹیاں ہیں جنہیں 44 کوہ پیما سر کر چکے ہیں لیکن ان میں کوئی بھی پاکستانی شامل نہیں۔
پاکستان کے سرباز خان دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کا عزم رکھتے ہیں اور اس فہرست میں پاکستان کا نام شامل کرنے کے لیے مزید پانچ چوٹیاں سر کرنا ابھی باقی ہیں۔
الپائن کلب کے سیکرٹری کرار حیدری کے مطابق سرباز خان دنیا کی تین بلند چوٹیاں سر کرنے کی بھی جستجو رکھتے ہیں، وہ ماؤنٹ ایورسٹ اور کے ٹو سر کرچکے ہیں جبکہ دنیا کی تیسری بلند چوٹی ترچ میر سر کرنا ابھی باقی ہے۔
ہنزہ سے تعلق رکھنے والے سرباز خان نے آٹھ ہزار میٹر سے بلند چوٹی نانگا پربت کو موسم سرما میں سر کیا انہوں نے یہ اعزاز 2017 میں حاصل کیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے 2018 میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کی، جبکہ 2019 میں لوٹسے پیک سر کرنے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
2019 میں ہی براڈ پیک اور مناسلو پیک سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ 2020 میں موسم سرما کے دوران کے ٹو سر کرنے کی مہم جوئی میں شامل رہے لیکن کامیاب نہ ہوسکے۔
سرباز خان رواں برس 8 ہزار میٹر سے بلند چوٹی انا پورنا، ایورسٹ اور گیشر برم سر کر چکے ہیں۔