Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شعیب ملک ٹی20 ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ بن گئے

صہیب مقصود نیشنل ٹی20 چیمپئن شپ کے دوران کمر کی تکلیف کا شکار ہوگئے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے ٹی20 ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل مڈل آرڈر بلے باز صہیب مقصود انجری کے باعث سکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ ان کی جگہ شعیب ملک کو سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق صہیب مقصود کمر کی انجری کے شکار کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں رہیں گے۔  
پی سی بی کے مطابق ’صہیب مقصود نیشنل ٹی20 چیمپئن شپ کے دوران کمر کی تکلیف کا شکار ہوگئے تھے، پی سی بی کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نجیب اور فزیو کلف ڈیکن نے صہیب مقصود کی انجری کا جائزہ لیا اور میڈیکل پینل نے انہیں آرام کا مشورہ دیا۔‘  

شعیب ملک نے 2007 میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کی قیادت کی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

شعیب ملک نے 2007 میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کی قیادت کی تھی۔ وہ 2009 ورلڈکپ کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا بھی حصہ تھے۔انہوں نے 2012، 2014 اور 2016 کے ٹی20 ورلڈکپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
پاکستان نے ٹی20 ورلڈ کپ سکواڈ میں جمعے کے روز تین تبدیلیاں کی تھیں جن میں حیدر علی، فخر زمان اور وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو 15 رکنی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا۔
دوسری جانب لاہور میں جاری نیشنل ٹی20 چیمپئن شپ کے دوران ناقص کارکردگی پر وکٹ کیپر بیٹسمین اعظم خان، مڈل آرڈر بلے باز خوش دل شاہ اور دائیں ہاتھ کے بولر محمد حسنین کو 15 رکنی سکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ خوش دل شاہ 18 رکنی سکواڈ کا حصہ ہیں اور وہ بطور متبادل کھلاڑی ٹیم کے ساتھ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات روانہ ہوں گے۔  
ٹیم میں تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے چیف سیلکٹر محمد وسیم نے کہا تھا کہ ’صہیب مقصود کی ٹیم میں شمولیت ان کی فٹنس رپورٹ سے مشروط ہے۔‘ 
ٹی20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے اومان اور متحدہ عرب امارات میں شروع ہورہا ہے جہاں پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف انڈیا کے ساتھ 24 اکتوبر کو دبئی کے شیخ زاید کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گا۔  
پاکستان کے گروپ میں روایتی حریف کے علاوہ نیوزی لینڈ اور افغانستان شامل ہیں جبکہ دیگر دو ٹیموں کا فیصلہ 17 اکتوبر سے شروع ہونے والے پہلے راؤنڈ میں ہوگا۔ 

سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ شعیب ملک کو ٹیم میں واپس لانے کا مطالبہ کررہے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

شائقین کرکٹ کا شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ
پاکستان کے ٹی20 سکواڈ میں تبدیلی کے بعد کرکٹرز اور شائقین سوشل میڈیا پر سابق کپتان شعیب ملک کو ٹیم میں واپس لانے کی بھرپور حمایت کرتے رہےتھے۔  
سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے پاکستان کے اعلان کردہ سکواڈ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اب بھی سمجھتا ہوں کہ وہاب ریاض، شعیب ملک اور شرجیل خان کو ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے لیکن وہی ہوا، دو تیرے اور دو میرے، تاہم اب وقت ہے کہ ہم اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں۔‘  
 
شعیب ملک کو میچ میں کھیلنے کا موقع دینے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر صارفین نے مخلتف تبصرے کیے۔ متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ کرکٹر شعیب ملک کو ضرور کھلانا چاہیے جبکہ کچھ صارفین نے اپنی رائے کے ساتھ سوال بھی کیے۔  
سوشل میڈیا صارف بلال احسن لکھتے ہیں کہ ’صہیب مقصود نے پہلے شعیب ملک اور پھر شرجیل خان کی حمایت کی۔‘ 
میرا ووٹ تو شعیب ملک کے ساتھ۔  
آپ کا ووٹ کس کے ساتھ ہے؟  
ملک یا شرجیل؟ 
 
احمد خان اورکزئی نامی ٹوئٹر صارف نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’راجہ جی ! جہاں ساری باتیں مان لیں وہاں ایک اور سہی، شعیب ملک کی ٹی20 کرکٹ کے لیے بڑی خدمات ہیں، انہیں یہ ورلڈکپ بطور آخری ورلڈکپ کھیلنے دیا جائے، وہ ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں مڈل آرڈر میں ان کی ضرورت بھی ہے۔  

شیئر: