Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ جوانی ہے دیوانی‘ پھر سینما میں،’جنریشن زی کے کیا تاثرات ہوں گے؟‘

دپیکا پاڈوکون اور رنبیر کپور کی یہ بلاک بسٹر فلم 2025 میں ایک مرتبہ پھر سے ریلیز ہوگی۔ (فوٹو: گوگل)
بالی وُڈ کی بلاک بسٹر فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ ایک مرتبہ پھر سے سینما گھروں کی زینت بننے کو تیار ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں ہدایت کار کرن جوہر کی کمپنی دھرما پروڈکشن نے 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کی دوبارہ سے ریلیز کا عندیہ دیا تھا۔
بالی وُڈ میں فلموں کے ’ری ریلیز‘ کے ٹرینڈ کو دیکھتے ہوئے دیپکا پاڈوکون اور رنبیر کپور کی یہ بلاک بسٹر فلم 2025 میں ایک مرتبہ پھر سے ریلیز کی جا رہی ہے۔
’یہ جوانی ہے دیوانی‘ 3 جنوری سے انڈیا کے 46 شہروں میں پی وی آر آئنوکس سنیماز کی 140 سکرینوں پر ریلیز کی جائے گی۔
اس بارے میں فلم کے ہدایت کار کرن جوہر نے کہا کہ ’دھرما پروڈکشن کے دل میں یہ جوانی ہے دیوانی ایک خاص مقام رکھتی ہے۔‘
کرن جوہر نے مزید کہا کہ ’اس فلم کے گانے شاندار ہیں، اسے خوبصورت مقامات پر شوٹ کیا گیا ہے، اس میں ہمارے کچھ ایسے اداکار ہیں جن سے سب پیار کرتے ہیں جبکہ اس کی کہانی تمام نسلوں کو پسند آتی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’نئے سال کا آغاز کرنے کے لیے یہ ایک بہترین فلم ہے۔‘
ہدایت کار مزید کہتے ہیں کہ ’ہمیں اس بات کا انتظار ہے کہ جینریشن زی اس فلم کو بطور نوجوان اب کیسے دیکھتے ہیں اور میلینیلز اس فلم کے گانے اور ڈائیلاگ اداکاروں سے پہلے کیسے دہراتے ہیں۔‘
اس سے قبل دھرما پروڈکشن کی بلاک بسٹر فلم ’کل ہو نا ہو‘ بھی اپنی ریلیز کے 21 سال بعد دوبارہ سینما گھروں میں ریلیز کی گئی جسے ایک مرتبہ پھر سے بھرپور پذیرائی ملی۔

کرن جوہر کی کمپنی دھرما پروڈکشن نے یہ جوانی ہے دیوانی کی دوبارہ سے ریلیز کا عندیہ تھا۔ (فوٹو: آئی ایم ڈی بی)

اس کے علاؤہ رواں سال بالی وُڈ کی دیگر فلمیں بھی ری ریلیز ہوئیں جن میں تُمبڑ، وِیر زارا اور رہنا ہے تیرے دل میں شامل ہیں۔
سنہ 2013 میں ریلیز ہونے والی یہ جوانی ہے دیوانی کی کہانی ایسے چار ہم جماعت دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو دوبارہ سے ٹریکنگ ٹِرپ پر ملتے ہیں جہاں نینا (دیپکا پاڈوکون) اور بنی (رنبیر کپور) کو ایک دوسرے سے محبت ہو جاتی ہے۔
اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں رنبیر کپور اور دیپکا پاڈکون کے علاؤہ کالکی کوچلین، آدتیہ روئے کپور اور کونال روئے کپور شامل ہیں جبکہ اس فلم کی ہدایت کاری کرن جوہر نے کی۔

شیئر: