Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلاحی ادارہ 'کسوہ' عطیہ شدہ کپڑوں کو قابل استعمال بناتا ہے

ملبوسات کو خوبصورت انداز میں تیار کر کے مستحقین میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں ہر سال ہزاروں استعمال شدہ کپڑے اور دیگر ٹیکسٹائل مصنوعات کو ضائع کر دیا جاتا ہے یا  اس طرح کی مصنوعات خیراتی اداروں کو عطیہ کر دی جاتی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق مملکت میں فلاحی تنظیموں نے ایسی استعمال شدہ اشیاء کو اکٹھا کرنے کے لیے اقدامات کا آغاز کیا ہے۔ اس اقدام سے بہتر ماحول کو فروغ دینے میں بھی مدد ملتی ہے۔

2018 میں سعودی ری سائیکلنگ سروس 'کسوہ' نے فلاحی اداروں کے ساتھ  مل کر کام کرنا شروع کیا تاکہ استعمال شدہ کپڑوں کو احتیاط کے ساتھ محفوظ کرنے اور دوبارہ استعمال میں لانے میں مدد مل سکے۔
ادارے کا مقصد ہے کہ اس جذبے کے ساتھ ساتھ ماحول کے تحفظ اور دیگر فلاحی اداروں کی مدد کے لیے یکجہتی اور کمیونٹی کے تعاون کو بھی فروغ دیا جائے۔
کسوہ عیدالفطر اورعید الاضحی سے متعلق اسلامی تصور بھی لے کر چلتا ہے جس کے مطابق ہر کسی کے لیے عید پر نئے کپڑے پہننا سنت ہے۔
کسوہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسرسالم دربہ نےعرب نیوز کو بتایا ہے کہ اس پراجیکٹ کے ذریعے لوگوں سے فاضل کپڑے جمع کرتے وقت فلاحی اداروں کو مدد ملتی ہے اور ملبوسات کو دوبارہ استعمال میں لایا جاتا ہے۔

تنظیم کے پاس پورا سٹاف موجود ہے جو ایسوسی ایشن کو کپڑے جمع کرنے، چھانٹنے، دوبارہ قابل استعمال بنانے میں مدد کرتا ہے۔
یہ ادارہ سعودی نوجوانوں میں رضاکارانہ خدمات کے تصور کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
ہمارے منصوبے  میں ایک ایپ کے ذریعے ان لوگوں سے اضافی کپڑے اکٹھے کیے جاتے ہیں جو اپنے کپڑے اور دیگر ٹیکسٹائل مصنوعات کو  عطیہ کرنے کے خواہشمند ہیں۔
ایسے تمام عطیات حاصل کرنے کے بعد ان کی ترتیب اور درجہ بندی کی جاتی ہے، انہیں اچھی طرح محفوظ کیا جاتا ہے۔

خوبصورت انداز میں ملبوسات کو صاف ستھرا کر کے مستحقین میں تقسیم کیا جاتا ہے جب کہ بوسیدہ یا ناقابل استعمال کپڑوں کو ری سائیکلنگ کے لیے دے دیا جاتا ہے۔
سالم  دربہ نے مزید  بتایا کہ ہمارے پاس  ضرورت سے زیادہ مقدار میں آنے والے  کپڑوں کو  قسم اور رنگ کے مطابق الگ الگ کیا جاتا ہے اور فائبر تیار کرکے یہ نئی مصنوعات میں تبدیل کر دئیے جاتے ہیں۔
انہوں نے عرب نیوز کو بتایا  کہ ہم نے مملکت بھر سے 27 سے زیادہ مصدقہ سماجی تنظیموں  کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جن میں ترحم چیریٹی فاؤنڈیشن، العولہ ویمنز چیریٹیبل سوسائٹی اور بہت سے دیگر ادارے شامل ہیں۔

اس کےعلاوہ فیشن سے متعلق ایک اور سعودی چیریٹی ایسوسی ایشن حسنات ہے جو کہ اس پروجیکٹ میں حصہ لے رہی ہے۔ 
یہ عطیہ شدہ کپڑے اکٹھا کرتی ہے، تمام کپڑوں کو دھونے کے بعد الگ الگ کیا جاتا ہے اور استری کرنے کے بعد  انہیں تقسیم کرنے کا عمل آتا ہے۔
یہ چیریٹی خواتین کو باہمی تعاون، نئی مہارتیں سیکھنے اور پرانے کپڑوں کو نئے بنا کر فروخت ہونے والی مصنوعات میں دوبارہ ڈیزائن کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جو کہ بہترین قیمت کے ساتھ معروف برانڈ کی مصنوعات کی طرح پرکشش ہیں۔
حسنات تمام مصنوعات دوبارہ تیار شدہ اور ری سائیکل مواد سے بناتا ہے۔
حسنات کی طرف سے ایک اور خدمت پیش کی گئی ہے کہ  کپڑا کم سے کم ضائع ہو۔ تمام بچا ہوا کپڑا لحاف میں سلائی کر کے ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
 

شیئر: