اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر 9366 افراد کے خلاف فیصلے
محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہ کیا جائے۔ ( فوٹو: سبق)
محکمہ پاسپورٹ نے گزشتہ ماہ صفر کے دوران اقامہ و لیبر قوانین کے علاوہ سرحدی قوانین کی خلاف ورزی پر نو ہزار 366 افراد کے فیصلے کیے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مذکورہ فیصلوں میں جیل، ملک سے بے دخلی اور جرمانے شامل ہیں۔
محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ ’تمام شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور دکانداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہ کیا جائے‘۔
محکمے کے مطابق ’کوئی بھی شخص کسی بھی حال میں کسی غیر قانونی شخص کی مدد کرتا ہے، اسے ٹھکانہ دیتا ہے یا اسے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرتا ہے یا کسی بھی قسم کا تعاون کرتا ہے تو وہ قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے‘۔
’ایسا کرنے پر وہ قابل مواخذہ ہوگا اور اس کے ساتھ قانون کے مطابق معاملہ کیا جائے گا‘۔
محکمہ پاسپورٹ نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ ’قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں‘۔
’جہاں کہیں بھی غیر قانونی افراد کی موجودگی کا علم ہو تو فوری طور پر 911 پر کال کرکے مطلع کریں‘۔