شوریٰ کونسل کی میڈیا میں مزید سرمایہ کاری کی منظوری
جمعرات 14 اکتوبر 2021 11:50
اجلاس کے دوران ایجنڈے میں شامل موضوعات کا جائزہ لیا گیا۔ (فوٹو عرب نیوز)
شوریٰ کونسل کا باقاعدہ اجلاس گزشتہ روز بدھ کو آن لائن منعقد ہوا۔ شوریٰ کے مشاورتی ادارے کے ڈپٹی سپیکر ڈاکٹر مشعل بن فہم السلمی نےاجلاس کی صدارت کی۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شوریٰ کونسل نے سیشن کے افتتاح کے موقع پر اپنے ایجنڈے میں شامل موضوعات کا جائزہ لیا۔
کونسل نے سعودی وزارت اطلاعات کے مطالبے پر میڈیا سیکٹر میں سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے فیصلے کی منظوری دی ہے۔
شوریٰ کونسل نے وزارت اطلاعات پر زوردیا کہ میڈیا پالیسی میں ترمیم کا مسودہ جلد مکمل کرے۔
وزارت اطلاعات سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ انسانی وسائل کے نظام کا جائزہ لے کر ذرائع ابلاغ کے افعال کو اس طرح تبدیل کرے جس سے آپریشنل کارکردگی اور پیداوار کے معیار میں اضافہ ہو۔
شوریٰ کونسل نے ایمرجنسی میڈیا ایونٹس کے لیے وزارت اطلاعات کے بجٹ میں خاص طور پر اسے مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔