اپوزیشن غیر ضروری ایشوز پر واویلا کے بجائے انتخابی اصلاحات پر توجہ دے: فواد چوہدری
اتوار 17 اکتوبر 2021 20:48
فواد چوہدری نے کہا کہ نیب آرڈیننس کے حوالے سے اپوزیشن سے رابطہ کیا جائے گا۔(فوٹو: پی آئی ڈی)
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کہا ہے کہ اپوزیشن غیر ضروری ایشوز پر واویلا کرنے کے بجائے انتخابی اصلاحات سمیت اہم قومی معاملات پر توجہ مرکوز کرے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق فواد چوہدری نے اتوار کو کہا کہ حکومت ملک میں ایسی انتخابی اصلاحات چاہتی ہے جس کے بعد الیکشن کے نتائج تمام فریقین کے لیے قابل قبول ہوں۔نیب آرڈیننس کے حوالے سے اپوزیشن سے رابطہ کیا جائے گا۔ اپوزیشن اس آرڈیننس میں کوئی ترمیم لانا چاہے تو لے آئے۔
واضح رہے کہ اتوار کو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پر سخت تنقید کی۔
بلاول بھٹو کی تقریر کے ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ’بلاول زرداری حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی بجائے سندھ کے عوام کے لیے کچھ کریں، 13 برسوں سے سندھ کے عوام ان کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔‘
اے پی پی کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’سندھ میں غربت، بےروزگاری انتہا پر ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ روٹی کپڑا مکان کی آڑ میں کرپشن کو دوام بخشا۔‘
’پیپلز پارٹی نے کراچی کے عوام کو ٹینکر مافیا، گراں فروش اور ذخیرہ اندوز مافیا کے حوالے کر دیا ہے، آج پاکستان جن بیرونی قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے اس کی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور ن لیگ ہے۔‘
خیال رہے کہ اتوار کو حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں پریس کانفرس کرتے ہوئے 12 ربیع الاول کے بعد حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا۔