سعودی سرحدی فورس نے یمن بارڈر سے سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی
سعودی سرحدی فورس نے یمن بارڈر سے سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی
بدھ 20 اکتوبر 2021 12:00
سمگلنگ کی کوشش میں ملوث 150 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی سرحدی فورس نے منگل کو مملکت کے علاقے جازان، نجران اور عسیر میں ایک ٹن سے زائد نشہ آور مادہ اور66 ٹن قات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کی سرحدی گارڈ کے ترجمان کرنل مسفر القرنی نے بتایا کہ سمگلنگ کی کوشش میں ملوث 150 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
گرفتار ہونے والوں میں47 سعودی شہریوں کےعلاوہ 103غیرقانونی تارکین وطن شامل ہیں۔ غیرملکیوں میں89 کا تعلق ایتھوپیا، 10 کا یمن، تین کا صومالیہ سے جبکہ ایک اریٹیرین شہری ہے۔
کرنل مسفر القرنی نے بتایا ہے کہ سعودی سرحدی محافظ اپنے فرائض کی انجام دہی میں ہمیشہ چوکس رہتے ہیں۔ کوئی بھی غیر قانونی طریقے سے سرحد پار کرنے کی کوشش کرتا ہے یا ممنوعہ اشیا سرحد کے ذریعے منتقل کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس کا پوری طرح قلع قمع کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی سرحدی حکام نے متحدہ عرب امارات کے ہم منصبوں کے تعاون سے حال ہی میں بطحہ سرحدی چوکی کے راستے اناج لے جانے والے ٹرک میں چھپائی گئی 15 لاکھ ایمفیٹامین گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی تھی۔
اس کوشش میں سعودی شہری اور ایک شامی باشندے کو گرفتار کیا گیا تھا۔
رواں سال مئی میں بھی سرحدی محافظوں نے سعودی عرب کی جنوبی سرحد کی جانب سے تقریبا ایک ہزار کلو چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی تھی۔
اس دوران 24 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جن میں 18 ایتھوپین، چار یمنی اور دو سعودی شہری شامل تھے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں