فیڈریشن آف سعودی چیمبرز نے تجارتی مراکز اور دکانوں پر زور دیا ہے کہ 2014 میں جاری کردہ شاہی فرمان کے مطابق انسداد تمباکو نوشی قانون نافذ ہے۔ اس کے تحت کسی بھی تجارتی ادارے، شاپنگ سینٹر یا دکان میں سگریٹ نوشی کرنا یا اس حوالے سے خلاف ورزی پر 200 ریال کا جرمانہ مقرر ہے۔
مزید پڑھیں
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق فیڈریشن آف سعودی چیمبرز نے اپنے سرکلر میں پھر انتباہ کیا ہے کہ تجارتی اداروں، شاپنگ سینٹرز اور دکان میں سگریٹ نوشی کرنے پرجرمانہ ہے۔
مختلف عوامی مقامات میں سیکیورٹی اہلکاروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اس حوالے سے خلاف ورزیوں کو روکیں۔
سعودی عرب میں تمباکو نوشی کے حوالے سے ممنوعہ مقامات میں مساجد، عوامی مقامات، اور چوراہے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سرکاری اداروں، ان کی شاخیں، تعلیمی، صحت، کھیل اور ثقافتی ادارے چاہے وہ سرکاری ہوں یا نجی، علاوہ ازیں بینک، فیکٹریاں، ادارے، نقل و حمل، خوراک، مشروبات کی تیاری کے ادارے، پروسیسنگ، پیکیجنگ، تیل پیداوار، نقل و حمل ، تقسیم اور ریفائننگ، ایندھن اور گیس کی تقسیم کے سٹیشن، گودام اور لفٹس میں بھی تمباکو نوشی ممنوعہ ہے-
واضح رہے کہ مملکت بھر میں 31 اگست 2019 سے پبلک مقامات پر تمباکو نوشی کی ممانعت پرعمل درآمد شروع کردیا گیا تھا۔ کمپنیوں اور اداروں میں کوئی بھی ملازم سگریٹ نوشی نہیں کرسکتا۔