Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہالی وڈ اداکار کی فلم کی شوٹنگ کے دوران فائرنگ سے خاتون ہلاک

سانتا فے کے ایک مقامی اخبار نے ایلیک بالڈون کی تصویریں شائع کی جن میں وہ نہایت پریشان نظر آرہے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ نیو میکسیکو میں فلم کی شوٹنگ کے دوران اداکار ایلیک بالڈون کے نقلی پستول کی فائرنگ سے ایک سنیماٹو گرافر ہلاک جبکہ ڈائریکٹر زخمی ہوگیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حادثہ جمعرات کو جنوب مغربی امریکی ریاست میں فلم ’رسٹ‘ کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا۔
ایلک بالڈون اس فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
سانتا فے کے شیرف نے ایک بیان میں بتایا کہ ’ہیلینا ہچنس اور جوئل سوزا کو اس وقت گولی لگی جب ایلیک بالڈون نے نقلی پستول کا ٹریگر دبایا۔‘
42 سالہ ہیلینا ہچنس کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں جبکہ 48 سالہ جوئل سوزا کو ایمبولینس کے ذریعے لے جایا گیا اور ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔
سانتا فے شیرف کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ایلیک بالڈون کا سراغ رساں نے انٹرویو کیا ہے۔‘
’انہوں نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا اور سوالات کے جوابات دیے۔ وہ رضا کارانہ طور پر آئے اور انٹرویوز کے بعد عمارت سے نکل گئے۔ اس حوالے سے کوئی مقدمہ دائر نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی گرفتاریاں ہوئی ہیں۔‘
سانتا فے کے ایک مقامی اخبار نے ایلیک بالڈون کی تصویریں شائع کی جن میں وہ نہائیت پریشان نظر آ رہے ہیں۔ یہ تصویریں سیٹ کی پارکنگ لاٹ کی تھیں جہاں اس سانحے کے بعد انہیں لے جایا گیا۔
اخبار کا کہنا ہے کہ اس کے رپورٹر نے اداکار کو تفتیش کاروں کی ان سے پوچھ گچھ کے بعد روتے ہوئے دیکھا۔
فلم کے سیٹس پر عام طور پر نقلی ہتھیاروں کے استعمال کے حوالے سے سخت قوانین ہوتے ہیں، لیکن ایسے کئی حادثات ہو چکے ہیں۔
سب سے مشہور مارشل آرٹس لیجنڈ بروس لی کے بیٹے برینڈن لی کے ساتھ ہونے والا حادثہ ہے۔ وہ دی کرو‘ کی فلم بندی کے دوران ایک بندوق، جسے معومل کے مطابق خالی ہونا چاہیے تھا، سے گولی لگنے کے بعد انتقال کر گئے تھے۔

شیئر: