Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سوشل میڈیا پر ہراساں کیا گیا‘، ثانیہ عاشق کی ایف آئی اے میں درخواست

ثانیہ عاشق نے انہوں نے لکھا کہ ’میں نے ان اکاؤنٹس کی شناخت اور متعلقہ اتھارٹیز کو اطلاع دینے کے لیے قانونی راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘ (فوٹو: فیس بک)
مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق نے دھمکی آمیز فون کالز اور سوشل میڈیا پر ان سے منسوب جعلی وڈیوز اور تصاویر پوسٹ کیے جانے پر ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ میں درخواست جمع کرا دی۔
ثانیہ عاشق نے منگل کو سائبر کرائم کو دی گئی درخواست کا عکس اپنی ٹویٹ میں شامل کرتے ہوئے کہا کہ ’انہیں ہدف بنا کر ہراساں کیے جانے کا سلسلہ دھمکی آمیز فون کالز، ٹک ٹاک کے تھرڈ کلاس گانوں اور ناشائستہ فیس بک پوسٹوں سے شروع ہوا اور اب یہ معاملہ والد کے ساتھ میری تصاویر کے غلط استعمال تک جا پہنچا ہے۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’میں نے ان اکاؤنٹس کی شناخت اور متعلقہ اتھارٹیز کو اطلاع دینے کے لیے قانونی راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
’میں نواز شریف کی فالوور ہوں جنہوں نے عدالت کی سیڑھی پر کھڑے ہو کر اپنا مقدمہ خدا پر چھوڑ دیا تھا۔ میں خدا سے دعا کرتی ہوں کہ وہ آپ سب سے انصاف کرے۔‘
ثانیہ عاشق نے اپنی درخواست میں لکھا کہ ’مختلف جلسوں کی میری وڈیوز کو ٹک ٹاک پر گھٹیا گانوں اور فحش تبصروں کے ساتھ پوسٹ کیا جاتا رہا اور میرے نام سے سینکڑوں جعلی اکاؤنٹس بھی بنائے گئے۔‘
’میرے والد کی زندگی کے آخری ایام کی تصاویر جو میں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھیں، انہیں بھی ایڈیٹ کر کے ان کی فحش قسم کی تشریح کی گئی۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’ سوشل میڈیا پر میرے بارے میں ہتک آمیز مواد سے میری بحیثیت ایک فرد اور عوامی نمائندہ ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس سے مجھے، میرے خاندان اور دوستوں کو شدید صدمہ پہنچا ہے۔‘
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سینیٹر عطا تارڑ ایڈووکیٹ نے بھی اس معاملے پر اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’سائبر کرائم ایکٹ کے تحت ایف آئی اے میں درخواست جمع کروائی ہے اور امید کرتے ہیں کہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘
’ثانیہ عاشق کے خلاف جھوٹی نازیبا وڈیوز اور تصاویر پھیلانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ مرحوم والد کی بستر مرگ پر تصاویر تک کو غلط رخ دیا گیا۔‘
ثانیہ عاشق نے اپنی درخواست میں دوبرس پرانی ایک تصویر کا حوالہ دیا جس میں وہ اپنے والد کے ساتھ موجود ہیں۔ ان کے بقول اس تصویر کو سوشل میڈیا پر غلط معنی دے کر پھیلایا گیا۔

ثانیہ عاشق کی اپنے والد کے ساتھ تصویر جب وہ شدید علیل تھے۔ (فوٹو: ٹوئٹر ثانیہ عاشق)

 

شیئر: