دوسرے ملک میں 14 دن گزارنے ہیں خروج وعودہ ختم ہونے پر کیا کریں؟
دوسرے ملک میں 14 دن گزارنے ہیں خروج وعودہ ختم ہونے پر کیا کریں؟
بدھ 27 اکتوبر 2021 0:18
خروج وعودہ کی مدت میں خود کار طریقے سے توسیع کا عمل جاری ہے( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے ٹوئٹر پر مختلف نوعیت کے سوالات پوچھے جارہے ہیں ـ بیشترسوالات ایسے تارکین کی جانب سے ہیں جو یہ معلوم کرنا چاہتے ہیں کہ مملکت براہ راست آنے کے لیے کب تک پروازیں کھل رہی ہیں'
ایک شخص نے پوچھا ہے خادمہ چھٹی پر اپنے ملک میں ہے جہاں سے وہ آئندہ ماہ خلیجی ملک پہنچے گی۔ معلوم یہ کرنا ہے کہ اگر میں خود بھی خلیجی ملک جاوں اور وہاں سے خادمہ کو اپنے ہمراہ لے آوں تویہ ممکن ہے ؟
س جوازات کا کہنا تھا کہ ’ایسے ممالک کے شہری جہاں سے براہ راست مسافروں کے آنے پر پابندی ہے وہ کسی ایسے ملک میں 14 دن قیام کریں جہاں سے مملکت آنے پر پابندی نہیں۔ ‘
واضح رہے سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاو کے لیے پاکستان سمیت متعدد ممالک سے وہ لوگ ہی براہ راست مملکت آسکتے ہیں جنہوں نے مملکت سے روانگی سے قبل کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوائی ہوئی ہوں اور توکلنا ایپ پر انکا اسٹیٹس امیون ہوـ
ایسے افراد ہی براہ راست مملکت آسکتے ہیں تاہم انہیں مملکت آمد سے قبل توکلنا اورصحتی ایپ پر اپنا اسٹیٹس ظاہر کرنا ضروری ہوتا ہے علاوہ ازیں ’قدوم ‘ پورٹل پر بھی مملکت آنے سے قبل رجسٹرکرانا ضروری ہوتا ہےـ
ایک اور شخص نے دریافت کیا ہے کہ خروج وعودہ 29 اکتوبر کو ایکسپائرہوگا جبکہ اس وقت اردن میں ہوں جہاں قیام کی مدت 14 دن ہے ،خروج وعودہ ایکسپائرہو جائے گا کیا کروں ؟
جوازات کا کہنا تھا کہ سعودی محکمہ پاسپورٹ اور نیشنل ڈیٹا بیس سینٹر و مصنوعی ذہانت کے تعاون سے تارکین کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں خود کار طریقے سے توسیع کا عمل جاری ہے۔
اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع مرحلہ وار کی جارہی ہے، شاہی فرمان کے مطابق وہ افراد جن کے اقامے اور خروج وعودہ کی تاریخ ختم ہو گئی ہے ان کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں خود کارطریقے سے توسیع کردی جائے گی۔
واضح رہے شاہی احکامات کے تحت مملکت کے اقامہ ہولڈرز جو مملکت سے باہر گئے ہوئے ہیں ان کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں 30 نومبر 2021 تک مفت توسیع کردی جائے گئی۔
اس ضمن وہ افراد جن کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں تاحال توسیع نہیں ہوئی ہے ان کے بارے میں جوازات کا کہنا تھا کہ مرحلہ وار طورپر اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں مفت توسیع کی جارہی ہے تاہم اس کےلیے انتظار کیا جائے کیونکہ باری آنے پر توسیع کردی جائے گی۔
جوازات کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کےلیے کسی سرکاری دفتریا ادارے سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ خود کارطریقے سے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں مفت توسیع کردی جائے گی۔