ٹی20 ورلڈ کپ: نمیبیا نے سکاٹ لینڈ کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا
سکاٹ لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 109 رنز بنائے جبکہ اس کی دو وکٹیں باقی تھیں (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی20 ورلڈ کپ میں سپر 12 مرحلے کے گروپ 2 کے ایک میچ میں نمیبیا نے سکاٹ لینڈ کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا۔
بدھ کے روز متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظبی میں کھیلے گئے میچ میں نمیبیا نے 110 رنز کا ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا جبکہ اس کی 6 وکٹیں باقی تھیں۔
نمیبیا کی اننگز
نمیبیا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز کا ہدف آخری اوور کی پہلی بال پر حاصل کرلیا۔ جے جے سمٹ نے 32 اور کریگ ولیمز نے 23 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ مائیکل این لنگل نے 18 رنز بنائے۔
سکاٹ لینڈ کی جانب سے مائیکل لیسک نے دو جبکہ بریڈ ویل، صفیان شریف، کرس گریوز اور مارک واٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں نمیبیا کا یہ پہلا میچ تھا جبکہ سکاٹ لینڈ کی ٹیم کی ایونٹ میں یہ مسلسل دوسری ناکامی تھی۔
اپنے پہلے میچ میں سکاٹ لیںڈ کو افغانستان کے ہاتھوں 130 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
سکاٹ لینڈ کی اننگز
اس سے قبل نمبیا نے ٹاس جیت کر سکاٹ لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
سکاٹ لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں پر 109 رنز بنائے جبکہ اس کی دو وکٹیں باقی تھیں، مائیکل لیسک نے سب سے زیادہ 44 اور کرس گریوز نے 25 رنز بنائے، میتھیو کراس نے 19 رنز کی اننگز کھیلی۔
سکاٹ لینڈ کے تین کھلاڑی پہلے ہی اوور میں آؤٹ ہوگئے تھے۔
نمیبیا کی جانب سے روبن ٹرومپلمین نے تین جبکہ جین فریلنک نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔