پاکستان کے تین مذبحہ خانے اُردن کو گوشت برآمد کریں گے
جمعرات 28 اکتوبر 2021 11:51
مشیر تجارت کا کہنا ہے کہ برآمد کنندگان گوشت کی اس غیر روایتی مارکیٹ کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے تین سلاٹر ہاﺅسز (مذبحہ خانوں) کو مویشیوں کا گوشت اُردن برآمد کرنے کا اجازت نامہ مل گیا ہے اور اس سلسلے میں سرکاری اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
پاکستان کی وزارت تجارت کی جانب سے جمعرات کو ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان مذبحہ خانوں کو مویشیوں کا گوشت برآمد کرنے کے لیے اردن نے اجازت نامے کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان کی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ’ہمیں یہ اطلاع دیتے ہوئے بڑی خوشی محسوس ہورہی ہے کہ اردن نے پاکستان کے تین مذبحہ خانوں کو بکریوں، بھیڑوں اور اونٹوں کا گوشت اردن برآمد کرنے کا سرکاری اعلامیہ جاری کردیا ہے۔‘
وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ ’میں اپنے تمام برآمد کنندگان پر زور دیتا ہوں کہ وہ گوشت کی اس غیر روایتی مارکیٹ کے ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’برآمد کنندگان گوشت کے علاوہ آلو، آم، کینو، پیاز اور دیگر پھل اور سبزیاں بھی پاکستان سے بیرون ملک بھیجیں۔‘