Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تھائی لینڈ: خاتون نے رسی کاٹ کر پینٹرز کو 26ویں منزل پر لٹکتا چھوڑ دیا

قتل کی کوشش کے الزام میں قصور وار ثابت ہونے پر خاتون کو 20 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔(فوٹو: اے پی)
تھائی لینڈ کی ایک بلند و بالا عمارت کی رہائشی خاتون نے عمارت کے باہر کام کرنے والے دو پینٹرز کو تھامنے والی رسی کاٹ دی اور انہیں 26ویں منزل پر لٹکتا چھوڑ دیا۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس(اے پی) کے مطابق بدھ کو پولیس نے بتایا کہ تھائی لینڈ میں ایک بلند و بالا کنڈومینیم کی ایک رہائشی نے دو پینٹروں کی سپورٹ کی رسی کاٹ دی اور انہیں 26ویں منزل کے اوپر لٹکا کر چھوڑ دیا۔
بعد ازاں ایک جوڑے نے انہیں بچایا۔
تھائی دارالحکومت کے شمال میں پاک کریٹ پولیس اسٹیشن کے سربراہ کرنل پونگجیک نے اے پی کو بتایا کہ اس خاتون کو قتل کی کوشش اور املاک کو تباہ کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔
پونگجیک نے یہ نہیں بتایا کہ مشتبہ خاتون کو رسی کاٹنے پر کس چیز نے اکسایا لیکن تھائی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ جب کارکنان اس کے کمرے کے باہر نمودار ہوئے تو وہ بظاہر مایوس ہو گئیں۔ انہوں نے عمارت کی انتظامیہ کی طرف سے 12 اکتوبر کا یہ اعلان نہیں دیکھا کہ وہ کام کریں گے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ دو پینٹر 26ویں منزل پر رہنے والوں سے کھڑکی کھول کر اندر جانے کو کہتے ہیں۔ ان میں سے ایک پینٹر جو میانمار کا سونگ نامی شہری ہے، نے تھائی میڈیا کو بتایا کہ اس نے اور اس کے دو دوستوں نے 32ویں منزل پر ایک شگاف کی مرمت کے لیے خود کو کھڑکی کے ذریعے نیچے اتارا۔
جب وہ 30ویں منزل پر پہنچا تو اسے لگا کہ رسی زیادہ بھاری ہے اور جب اس نے نیچے دیکھا تو 21ویں منزل پر کسی نے کھڑکی کھول کر اس کی رسی کاٹ دی۔ اس نے دوسرے یونٹوں سے مدد مانگنے کی کوشش کی لیکن کوئی بھی اندر نہیں تھا۔
ان کو بچانے والے ایک رہائشی پراپائیوان سیٹسنگ نے بتایا کہ تیسرے ساتھی نے اوپر کی منزل سے ان کا ساتھ دینا جاری رکھا۔
پراپائیوان نے کہا کہ اس کے برطانوی شوہر نے ایک پینٹر کو مدد کے لیے اشارہ کرتے ہوئے دیکھا اور اسے ان سے بات کرنے کے لیے بلایا۔
انہوں نے کہا ’یہ واقعہ چونکا دینے والا ہے اور ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیے۔‘
کونڈو (عمارت) کی انتظامیہ نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 34 سالہ خاتون نے پہلے تو اپنے ذمہ دار ہونے سے انکار کیا لیکن پولیس نے کٹی ہوئی رسی کو فنگر پرنٹ اور ڈی این اے کے تجزیے کے لیے بھیج دیا۔
بدھ کو خاتون اور اس کا وکیل تھانے میں پیش ہوئے۔ پولیس کی جانب سے سی سی ٹی وی فوٹیج اور فرانزک شواہد دکھانے کے بعد اس نے اعتراف کیا لیکن کارکنوں کو قتل کرنے کے ارادے سے انکار کیا۔
پونگجیک نے کہا کہ ملزم کو عارضی طور پر رہا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس 15 دنوں کے اندر صوبائی عدالت میں فرد جرم داخل کرے گی۔
قتل کی کوشش کے الزام میں قصور وار ثابت ہونے پر اسے 20 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

شیئر: