فالکن فیسٹول میں اب تک 60 لاکھ ریال کے بازوں کی فروخت
فالکن فیسٹول میں اب تک 60 لاکھ ریال کے بازوں کی فروخت
جمعہ 29 اکتوبر 2021 11:33
میلے میں پہلے باز کی نیلامی 22 ہزار ریال میں ہوئی تھی (فوٹو: ایس پی اے )
سعودی فالکن کلب کے زیر اہتمام ریاض میں منعقدہ باز میلے میں اب تک 60 لاکھ ریال سے زائد کے باز فروخت کیے جا چکے ہیں۔ میلہ 15 نومبر 2021 تک جاری رہے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق باز میلہ 21 روز سے جاری ہے۔
میلے میں سب سے پہلا باز ’شاہین قرناس‘ 22 ہزار ریال میں فروخت کیا گیا تھا جبکہ دوسرے باز ’شاہین فرخ ‘ کی بولی کا آغاز 30 ہزار ریال سے ہوا جو 70 ہزار ریال پربند ہوئی اورتیسرا باز 52 ہزار ریال میں فروخت کیا گیا۔
واضح رہے میلے میں فروخت کیے جانے والے بازوں کا باقاعدہ طبی معائنہ کیا جاتا ہے تاکہ اس امر کی یقین دہانی کی جا سکے کہ باز میں کسی قسم کی بیماری تو نہیں ہے۔
فروخت کیے جانے والے بازوں کی خصوصیات اور شناخت کے لیے ڈیجیٹل پاسپورٹ جاری کیا جاتا ہے جس میں ان کی تمام تفصیلات اور نئے مالک کے بارے میں اندراج کیا جاتا ہے۔
خیال رہے ریاض میں جاری تیسرے باز میلے میں مملکت کے تمام ریجنز کے علاوہ خلیجی ریاستوں سے بھی باز کے شوقین افراد حصہ لے رہے ہیں۔