کم عمر مردوں میں بال گرنے کی کیا وجوہات ہیں؟
ہفتہ 30 اکتوبر 2021 11:28
زیادہ سے زیادہ مردوں کو کم عمری میں ہی بالوں کے گرنے کا سامنا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سر کے بالوں کے گرنے سے مرد اور خواتین دونوں ہی پریشان رہتے ہیں۔ اپنے بالوں کو بچانے کے لیے اکثر افراد ویب سائٹس پر موجود معلومات تلاش کررہے ہوتے ہیں یا پھر نانی اماں کے برسوں پرانے ٹوٹکوں کا سہارا لیتے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق بالوں کا گرنا مردوں کے لیے بھی اتنا ہی پریشانی کا باعث ہے جتنا کہ خواتین کے لیے ہے۔ کبھی کبھار مردوں میں 20 اور 30 سال کی عمر کے بعد ہی بال اس تیزی سے گرنا شروع ہو جاتے ہیں کہ وہ گنج پن کا شکار ہو جاتے ہیں۔
ماہر جلد ڈاکٹر کرن کے مطابق زیادہ مردوں کو کم عمری میں ہی گنج پن کے مسئلے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ڈاکٹر کرن کے مطابق پہلے 50 اور 60 سال کی عمر کے بعد مردوں میں گنج پن کی شکایت پائی جاتی تھی۔
انہوں نے مردوں میں بال گرنے کی چند وجوہات بتائی ہیں جن میں سے ایک غذا میں چینی کا زیادہ استعمال ہے۔
اس کے علاوہ کاربوہائیڈریٹس والی غذائیں زیادہ مقدار میں کھانے، پروٹین پاؤڈر کا استعمال، تھائی رائیڈ کا متاثر ہونا یا پھر وٹامن کی کمی بھی بال گرنے کا باعث بن سکتی ہے۔
ڈاکٹر کرن نے بالوں کے علاوہ جلد کی حفاظت کے لیے وٹامن سی کے استعمال کا مشورہ دیا ہے۔
وٹامن سی ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو جلد کو خراب ہونے اور چھائیاں پڑنے سے بچاتا ہے۔
ڈاکٹر کرن کا کہنا ہے کہ غذا میں وٹامن سی سے بھرپور کھانوں کا استعمال کرنا چاہیے اور وٹامن سپلیمنٹس بھی لینے چاہییں۔