Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کےلئے حکومت نے متعدد مواقع ضائع کر دیئے ، سردار عتیق احمد

برہان وانی کی شہادت کے بعدتحریک نوجوان نسل تک منتقل ہوچکی ہے ، سابق وزیر اعظم کا تقریب سے خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر اور مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حکومت کشمیر کی سرد مہری تشویشناک ہے ۔ تنازع کشمیر کو اجاگر کرنے کےلئے حکومت پاکستان کو متعدد مواقع ملے لیکن انہیں ضائع کر دیا گیا۔ وہ اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کی صدارت جموں و کشمیر کمیونٹی اوور سیز کے صدر سردار اقبال یوسف نے کی ۔ اسٹیج پر کمیونٹی کے چیف آرگنائزر عبداللطیف عباسی اورسردار اشفاق موجود تھے ۔ تقریب کی نظامت کے فرائض خورشید متیال نے انجام دیئے۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت ارشد بٹ نے حاصل کی ۔ تقریب کی انفرادیت یہ تھی کہ مقرر صرف مہمان خصوصی تھے جس کی وجہ سے وقت کی کافی بچت ہوئی اور مہمان خصوصی کو سننے کا زیادہ سے زیادہ موقع ملا ۔ سردار عتیق نے مزید کہا کہ کشمیر کی صورتحال مکمل طور پر تبدیل ہو چکی ہے ۔ نوجوان نسل نے تحریک کےلئے اپنا لہو دینا شروع کر دیا ۔ برہانی وانی کی شہادت کے بعد ہندوستان کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ اب وہ بزور طاقت کشمیریوں کو پابند سلاسل نہیں رکھ سکتا ۔ یورپ ہو مشرق وسطیٰ یا مشرق بعید ہر پلیٹ فارم پر کشمیر یوں پر روا رکھے جانے والے مظالم پر بات ہو رہی ہے ایسے میں پاکستانی حکومت کو چاہئے کہ وہ عوامی کی ترجمانی کرتے ہوئے مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر قضیہ کشمیر کو مزید بہتر انداز میں پیش کرے تاکہ جلد اس کاحل سامنے آسکے ۔ ایک سوال پر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ ہندوستان مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کےلئے بارڈر لائن پر فائرنگ کا ڈرامہ رچاتا ہے ۔ برساتی پانی زیادہ ہو نے کی صورت میں بند کھولنے اور کمی کی صورت میں بند کرتا ہے تاکہ لوگوں کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹ سکے ۔ 
 

شیئر: