بحرین میں 5 تا 11 سال کے بچوں کے لیے فائزر ویکسین
بحرین نے دسمبر2020 میں فائزر کی کورونا ویکسین کی منظوری دی تھی۔ (فوٹو عرب نیوز)
بحرین کے سرکاری میڈیا آفس ذرائع نے بتایا ہے کہ خلیجی ریاست میں رہنے والے 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو ایمرجنسی استعمال کے کورونا ویکسین فائزر کی منظوری دی گئی ہے۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق سرکاری بیان میں نیشنل ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہےکہ پانچ سے 11 سال کی عمر کے 3100 بچوں پر مشتمل سروے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیاہے۔
فائزر ویکسین کے90.7 فیصد مثبت اثرات سامنے آئے ہیں۔ بچوں کے حوالے سے کئے گئے سروے میں کسی قسم کے منفی اثرات نہیں دیکھے گئے۔
بحرین میں آئندہ سال2022 کے آغاز سے فائزر کمپنی کی جانب سے پانچ تا گیارہ سال کی عمر کے بچوں کے لیے کورونا ویکسین فراہم کی جائے گی۔
قبل ازیں بحرین نے دسمبر 2020 میں عالمی وبا کورونا سے بچاوکے لیے فائزر ویکسین کی سرکاری طور پر منظوری دی تھی۔ یہ اقدام کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا تھا۔
بحرین دنیا کا دوسرا جب کہ عرب ممالک میں پہلی ریاست ہے جس نے کورونا سے بچاو کے لیے ویکسین کی باقاعدہ طور پر منظوری دی تھی۔
بحرین کی اتھارٹی برائے ریگولیٹری پروفیشنز اینڈ ہیلتھ سروسز نے امریکی کمپنی فائزر سے اس ویکسین کے بارے میں ملنے والی معلومات کو سامنے رکھتے ہوئے یہ منظوری دی تھی۔