واقعہ کے وقت ہال میں تقریباً ایک ہزار لوگ جمع تھے (فوٹو: کیلیفورنیا 18)
سویڈن میں ایک کنسرٹ ہال کی ساتویں منزل سے گرنے والا ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے۔ مذکورہ شخص نیچے دو افراد پر گرا جس میں سے ایک ہلاک اور ایک خاتون زخمی ہو گئیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سویڈن کے شہر اپسالا میں اپسالا کنسرٹ اینڈ کانگریس نامی ہال میں تقریباً ایک ہزار افراد جمع تھے۔
اس ہال میں سیوڈن کے پاپ گروپ آبا کے لیجنڈز بیون الویئس اور بینی اینڈرسن کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا تھا۔
تاہم پولیس ترجمان میگنس جینسن کلیرن نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہمیں کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ وسطی اپسالا میں کنسرٹ ہال کے اندر اونچائی سے کسی نے یا تو چھلانگ لگا لی ہے یا گر گیا ہے۔‘
کنسرٹ ہال میں کھلی جگہ ہے اور ساتویں منزل سے گرنے کے واقع میں دو لوگ متاثر بھی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق گرنے والے شخص کی عمر تقریباً 80 سال تھی۔ وہ جن دو افراد پر گرے ان میں سے ہلاک ہونے والے کی عمر لگ بھگ 60 سال تھی۔ جبکہ زخمی ہونے والی خاتون کی بھی عمر تقریباً 60 سال تھی۔
واقعہ کے بعد پولیس نے ہال کو بند کرکے شاہدین سے پوچھ گچھ کی۔ فائل فوٹو: اپسالا کنسرٹ اینڈ کانگریس فیس بک
پولیس نے پہلے کنسرٹ ہال بند کردیا اور اسے کھولنے اور لوگوں کو گھر بھیجنے سے پہلے شاہدین سے پوچھ گچھ کی۔
یہ واقعہ شام سات بجے پیش آیا، جس وقت لوگ کنسرٹ کے لیے جمع ہورہے تھے۔ تاہم واقعہ کے بعد کنسرٹ منسوخ کر دیا گیا تھا۔
منگل کی رات کو آن لائن پوسٹ کیے جانے والے ایک بیان میں پولیس کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ’فی الوقت یہ کہنے کی کوئی وجہ نہیں ہے کہ مذکورہ شخص کے گرنے کا معاملہ کسی جرم سے منسوب تھا۔‘