Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابشر کے ذریعے سہ ماہی اقامے کی آن لائن تجدید کی سہولت کا افتتاح

وزیر داخلہ نے مزید الیکٹرانک سہولتوں کا افتتاح کیا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے بدھ کو ریاض میں ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے مزید الیکٹرانک سہولتوں کا افتتاح کیا ہے، اس میں سہ ماہی اقامے کی آن لائن تجدید کی سہولت شامل ہے۔ 
ابشر افراد پر نئی آن لائن سہولتوں سے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو فائدہ ہوگا۔ وزارت داخلہ اور سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کے لیے ’ابشر داخلیہ‘ پلیٹ فارم اور ’تحدی ابشر‘  ایڈیشن ٹو کا بھی افتتاح کیا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزیر داخلہ نے نئی آن لائن سہولتوں کا افتتاح ابشر کے ساتویں فورم میں شرکت کے موقع پر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر وزارت داخلہ سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل کے لیے کام کر رہی ہے۔ ڈیجیٹل تبدیلی اس کا اہم حصہ ہے۔
 وزیر داخلہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نہ صرف یہ کہ ہماری عوامی زندگی کا حصہ بن چکا ہے بلکہ نجی اور عملی زندگی میں ٹیکنالوجی کا استعمال بنیادی ضرورت بن چکا ہے۔
معاون وزیر داخلہ برائےامور ٹیکنالوجی شہزادہ ڈاکٹر بندر بن عبداللہ نے بتایا کہ 300 سے زیادہ  الیکٹرانک سہولتوں سے 23 ملین سے زیادہ افراد فائدہ اٹھا رہے ہیں، اس سے وقت اور محنت کی بچت ہورہی ہے۔ 
مصنوعی ذہانت اینڈ ڈیٹا سعودی کمیشن  (سدایا) کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ الغامدی نے ابشر اور سدایا کے درمیان مسلسل شراکت اورتعاون کے حوالے سے بتایا کہ اس کا سلسلہ بڑھتا جارہا ہے۔ 
اخبار 24 کے مطابق ’ابشر افراد‘ کے تحت جو نئی آن لائن سہولتیں حاصل ہوں گی ان میں قومی شناختی کارڈ و اقامہ کارڈ کی تجدید، گمشدہ شناختی کارڈ کی جگہ نئے کارڈ کا اجرا، نقل کفالہ کے لیے مقیم غیر ملکی ملازم کی منظوری، لاوارث یا یتیم بچوں کی نشوونما کرنے والے خاندانوں کے لیے جوازا ت کی خدمات، سہ ماہی اقامے کا اجرا و تجدید شامل ہیں۔ 

شیئر: